Urdu Chronicle

Urdu Chronicle

پاکستان

نواز شریف اور ترقی کا راستہ روکنے والے کوڑے دان کا حصہ بن گئے، مریم نواز

Published

on

مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ جس نے نواز شریف اور ترقی کا راستہ روکا آج وہ کوڑے دان میں پڑا ہے۔نواز شریف کو نکالنے والے خود نشان عبرت بنے بیٹھے ہیں۔

شاہدرہ میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ شاہدرہ کا نواز شریف سے لازوال محبت کا رشتہ ہے، شاہدرہ نے نواز شریف کا ساتھ نہیں چھوڑا،ملک ریاض نے بھی نواز شریف کا ساتھ نہیں چھوڑا۔

مریم نواز نے تحریک انصاف اور عمران خان کا نام لیے بغیر کہا کہ یہاں ایک لیڈر پر مشکل آئی نہیں اور جماعت ٹکڑے ٹکڑے ہوگئی،تمام ورکرز کو سلام جنہوں نے اپنے لیڈر کا ساتھ نہیں چھوڑا،ہر مشکل وقت میں بھی شاہدرہ سے شیر کی ہی آواز آئی۔

مریم نواز نے کہا کہ 21 اکتوبر کو مہنگائی کا خاتمہ کرنیوالے نواز شریف واپس آرہے ہیں،عوام 21 اکتوبر کو مینار پاکستان پر نواز شریف سے ملاقات کیلئے آئیں،21 اکتوبر کو صرف فرد واحد نہیں پاکستان کی خوشحالی واپس آرہی ہے، 21 اکتوبر کو مہنگائی، لوڈشیڈنگ ختم کرنیوالا نواز شریف آرہا ہے،نواز شریف پاکستان کے سینے پر لگے زخموں پر مرہم رکھنے آرہا ہے۔

مریم نواز نے نواز شریف کے خلاف پاناما لیکس میں کچھ ثابت نہ ہونے کا بیانیہ دہراتے ہوئے کہا کہ نوازشریف کو نکالنے والے خود عبرت کا نشان بنے بیٹھے ہیں،ہر بار کی طرح نواز شریف پہلے سے زیادہ طاقتور ہوکر واپس آرہا ہے، نواز شریف نے کہا تھا میں اپنا معاملہ اللہ تعالیٰ پر چھوڑتا ہوں۔

مریم نواز نے سابق آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ باجوہ اور سابق آئی ایس آئی چیف جنرل ریٹائرڈ کے نام لیے بغیر کہا کہ جس نے نواز شریف اور ترقی کو روکا آج وہ کوڑے دان میں پڑا ہے،نواز شریف واپس آرہے ہیں، انہوں نے سیاسی انتقام ، مقدموں کو برداشت کیا،نواز شریف نے سازشوں کو برداشت کیا، جیلیں بھی کاٹیں،نواز شریف نے جو تکلیفیں برداشت کیں اس کا کوئی ازالہ نہیں۔

Continue Reading
Click to comment

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین