Urdu Chronicle

Urdu Chronicle

ٹاپ سٹوریز

فرانس: 5 ویں رات بھی پرتشدد مظاہرے، میئر کا گھر جلا دیا، پولیس کے ہاتھوں قتل ہونے والا ناہیل سپرد خاک

Published

on

فرانس کے دارالحکومت پیرس کی نواحی آبادی کے میئر نے کہا ہے کہ اتوار کی صبح اس کے گھر پر حملہ ہوا، میئر نے اس حملے کو اپنے خانادان کے قتل کی کوشش قرار دیا اور بتایا کہ رات 1:30 پر جب وہ سٹی ہال میں تھے، کچھ لوگوں نے گاڑی ان کے گھر سے ٹکرائی اور پھر گھرکو آگ لگادی، گھر کے اندر میری بیوی اور دو بچے سو رہے تھے۔

پیرس کے نواحی علاقے لائی لو روزز کے میئر نے کہا کہ بچوں کو بچانے اور حملہ آوروں سے فرار ہونے کی کوشش میں ان کی بیوی اور بچہ زخمی ہوا۔ اس رات کی دہشتناکی بیان کرنے کے لیے میرے پاس الفاظ نہیں۔

فرانس 17 سالہ ناہیل مرزوق کی ٹریفک پولیس کے ہاتھوں ہلاکت کے بعد مسلسل پرتشدد مظاہروں کی زد میں ہے،ناہیل کی موت نے اس بحث کو پھر زندہ کیا ہے کہ فرانس میں مذہب اور نسل کی بنیاد پر ادارہ جاتی امتیاز روا رکھا جاتا ہے اور پولیس نسلی اور مذہبی گروہوں کے ساتھ ظالمانہ انداز سے پیش آتی ہے۔

فرانس میں پرتشدد مظاہروں کی 5 ویں رات 1300 سے گرفتاریاں ہوئیں،فرانس بھر میں پبلک ٹرانسپورٹ بند ہے، فرانس کے صدر عمانویل ماکروں نے ملک کی صورت حال کے بعد جرمنی کا طے شدہ سرکاری دورہ ملتوی کر دیا ہے۔

ہفتہ کو ناہیل کی تدفین پیرس کے نواح میں نانتیغ کے قبرستان میں سخت سکیورٹی میں کردی گئی، جہاں سیکڑوں افراد موجود تھے اور ماحول سخت کشیدہ تھا۔

ناہیل کی نماز جنازہ کے لیے سیکڑوں لوگ نانتیغ کی مسجد کے باہر قطاروں میں جمع ہوئے، مسجد کے باہر زرد جیکٹوں میں رضاکار سکیورٹی کے لیے موجود تھے۔

ہفتہ کو جاری ہونے والے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق مظاہرین نے پانچویں رات کے پرتشدد مظاہروں میں 1350 گاڑیاں جلائیں اور 234 عمارتوں کو بھی آگ لگائی، عوامی مقامات پر آگ لگانے کے 2560 واقعات ہوئے، سکیورٹی کے 79 اہلکار زخمی ہوئے۔

فرانس بھر میں مظاہرین کو روکنے کےلیے 45000 سکیورٹی اہلکار تعینات کئے گئے جنہیں ہلکی آرمرڈ گاڑیاں دی گئی تھیں اور ایلیٹ پولیس یونٹس بھی موجود تھے۔

Continue Reading
Click to comment

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین