Urdu Chronicle

Urdu Chronicle

پاکستان

خصوصی افراد کی خدمت کے بغیر ہم مہذب قوم نہیں کہلا سکتے، احمد شاہ

Published

on

         آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی اور محکمہ امپاورمنٹ آف پرسنز ود ڈس ایبلٹیز کے مشترکہ تعاون سے خصوصی بچوں کے عالمی دن کی مناسبت سے جون ایلیا لان میں تقریب کا انعقاد میں کیا گیا، مہمانِ خصوصی نگران صوبائی وزیرِ اطلاعات، اقلیتی امور ، سماجی تحفظ و صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ ،سیکریٹری محکمہ امپاورمنٹ آف پرسنز و ڈس ایبلیٹیز طہٰ فاروقی و دیگر سینئر افسران کے علاوہ جاپان کے دانشور اور اسکالر ہیرو جی کتاوکا اور عظمت اتاکا بھی موجود تھے۔

نگراں وزیر اطلاعات محمد احمد شاہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ خصوصی افراد کی خدمت کیے بغیر ہم مہذب قوم نہیں کہلا سکتے،متفرق اور مختلف صلاحیتوں کے حامل افراد عام انسانوں کی طرح ہی احساس اور صلاحیتوں کے حامل ہوتے ہیں اور آج آرٹس کونسل میں ان کی دستکاریوں کے نمونے اور فن پارے دیکھ کر بخوبی اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ یہ بچے اور بچیاں کتنے باصلاحیت اور لائق ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان بچوں کی صلاحیتوں کا اعتراف کرنا اور ان کی خدمت کرنا ہم سب کا فرض ہے۔ ان بچوں کی نگہداشت کے بغیر ہم مہذب نہیں کہلاسکتے۔

انہوں نے کہا کہ  وزیر اعلیٰ سندھ جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر عام آدمی کی بہبود اور ترقی کے لئے پرعزم ہیں اور اس کام میں ہم ان کے مددگار اور معاون ہیں۔

نگران صوبائی وزیر محمد احمد شاہ نے کہاکہ وہ ان خصوصی بچوں کی تخلیقات کا مناسب معاوضہ دلانے کے لئے مخیر حضرات کو مائل کریں گے کہ اپنی خریداری سے ان بچوں کی حوصلہ افزائی کریں۔

انہوں نے کہا کہ ان بچوں کے درمیان آکر میں بہت خوش ہوں اور سندھ حکومت اور آرٹس کونسل ان بچوں کی حوصلہ افزائی کے لئے ہر ممکن معاونت کریں گے۔

اس موقع پر نگراں صوبائی وزیر مختلف اسٹالز پر گئے اور مختلف صلاحیتوں کے حامل بچوں اور بچیوں کے بنائے گئے دستکاریوں کے نمونے ، پینٹنگز اور فن پارے دیکھے اور بچوں اور بچیوں کی تخلیقی صلاحیتوں کو سراہا اور تعریف کی، تقریب میں خصوصی بچوں کے اسکولوں کے طلباءو طالبات نے قومی اور علاقائی ثقافتوں پر مبنی خوبصوت ٹیبلوز پیش کئے جنہیں سامعین نے دل کھول کر سراہا۔

تقریب کا اہتمام خصوصی افراد کو بااختیار بنانے کے لئے صوبائی محکمے نے خصوصی افراد کے تعلیمی اداروں کے تعاون سے کیا تھا۔ سیکریٹری محکمہ امپاورمنٹ آف پرسنز ود ڈس ایبلٹیز طہٰ فاروقی نے کہاکہ ہمارے بچوں کو کیٹیگریز میں بانٹ دیا ہے، معاشرے میں انہیں اصل مقام دلانے کے لیے ہمیں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا،احمد شاہ آرٹس کونسل میں ان بچوں کے لیے کوئی کارنر فراہم کریں تاکہ یہ بچے مزید بہتر انداز میں کام کرسکیں۔

Continue Reading
Click to comment

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین