پاکستان

لاہور ہائیکورٹ نے واسا کو پانی کے میٹرز کی تنصیب کا حکم دے دیا

Published

on

لاہور ہائیکورٹ نے ہائی ویز اور موٹر ویز پر کھجور کے درخت لگانے سے روک دیا اور پانی کا ضیاع روکنے کیلئے واسا کو جلد پانی کے میٹر لگانے کا حکم دیدیا، لاہور کے انڈر پاسز کی تزئین و آرائش پر تحقیقات سے متعلق ریمارکس دیئے کہ انڈر پاسز کی تزئین و آرائش کی مد میں کسی نے پیسے کمائے ہیں۔ انڈر پاسز کی حالت پہلے سے بھی عجیب کردی۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے سموگ اور ماحولیاتی آلودگی کے تدارک کیلئے دائر شہری ہارون فاروق سمیت دیگر کی درخواستوں پر  سماعت کی۔

دوران سماعت پی ڈی ایم اے کے وکیل اور کمیشن کی ممبر نے بتایا کہ موٹروے پر کھجور کے ہزاروں درخت لگائے جاتے ہیں۔ اس پر پابندی لگا دینی چاہیے کیونکہ یہ درخت ماحول دوست نہیں ہیں۔ جنوبی پنجاب میں یہ درخت پھل دیتا ہے، مگر یہاں نہیں۔

جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیے کہ انڈر پاسز کی تزئین و آرائش کی مد میں کس نے پیسے کمائے ہیں۔ انڈر پاسز کی حالت پہلے سے بھی عجیب کردی ہے اور وہ مذاق لگ رہا ہے۔ تحقیقات ہوئیں تو پتا چل جائے گا کہ کس نے پیسہ کمایا ہے۔

عدالت نے واسا کے سینئر لیگل ایڈوائزر میاں عرفان اکرم کو ہدایت کی کہ پانی کا ضیاع روکنے کے لیے جلد پانی کے میٹر لگائے جائیں۔

جسٹس شاہد کریم نے پانی ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا اور ریمارکس دیے کہ  رپورٹس بتا رہی ہیں کہ 2026 تک لاہور میں پانی ختم ہو جائے گا، تو پھر لاہور میں بھی کراچی طرز پر پانی کا ٹینکر چلے گا۔ عدالت نے پانی کو محفوظ بنانے سے متعلق آئندہ ہفتے عمل درآمد رپورٹ طلب کرلی۔

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین

Exit mobile version