Urdu Chronicle

Urdu Chronicle

ٹاپ سٹوریز

لاہور میں 9 مئی کے واقعات کے 11 مقدمات کا چالان عدالت پیش، عمران خان، عمر چیمہ، یاسمین راشد قصوروار قرار

Published

on

9مئی واقعات سے متعلق جناح ہاؤس حملہ سمیت 11مقدمات کا چالان لاہور کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں جمع کرادیا گیا ہے۔

پراسکیوشن نے 11مقدمات کا چالان جمع کرایا ہے، پراسکیوشن نے 9 مئی کے واقعات کے مقدمات میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان، عمر سرفراز چیمہ ، میاں محمود الرشید کو قصور وار قرار دیا ہے۔

چالان میں ڈاکٹر یاسمین راشد ،خدیجہ شاہ ، صنم جاوید سمیت دیگر گرفتار ملزموں کو بھی قصور وار ٹھہرایا گیا ہے۔ جن مقدمات کے چلان جمع کرائے گئے ہیں ان میں جناح ہاؤس حملہ کیس ، عسکری ٹاور حملہ ،شادمان تھانہ نذر آتش کرنا شامل ہے۔شیر پاؤ پل پر جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے کا چالان بھی جمع کروادیا گیا ہے۔

جبکہ سپریم کورٹ کے جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کے سکواڈ کی گاڑی کو جلانے کے مقدمے کا چالان بھی انسداد دہشتگردی کی عدالت میں جمع کروادیا گیاہے۔

نو مئی کو لاہور میں تین بڑے واقعات ہوئے جن میں کور کمانڈر ہاؤس، عسکری ٹاور اور تھانہ شادمان کو نذرِ آتش کیا گیا۔

کورکمانڈر ہاؤس پر دھاوا بولنے کا مقدمہ تھانہ سرور روڑ میں درج کیا گیا جبکہ ایف آئی آر میں 20 دفعات لگائی گئیں جن میں تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 302 اورانسدادِ دہشت گردی کی دفعات کو بھی شامل کیا گیا۔

بعد میں دفعات کا اضافہ کیا گیا جن میں ریاست کے خلاف جنگ سے متعلق تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 121 جبکہ فوج کو بغاوت پر اُکسانے کی دفعہ 131 اور بلوے کی مزید ایک دفعہ 146 بھی شامل ہے۔

پولیس نے ان واقعات کے حوالے پہلے  صرف جائے وقوعہ یا کرائم سینز پر تفتیش کی۔ بعد میں سوشل میڈیا کے اصل اکاؤنٹ سے شائع شدہ مواد کا فرانزک کرایا گیا کہ کیسے ایک لمبے عرصے تک لوگوں کو ان جرائم کے لیے اُکسایا گیا اس کے بعد مقدمات میں ذیلی دفعات کا اضافہ کیا گیا۔

پراسیکیوشن کا خیال ہے کہ ٹرائل روزانہ کی بنیاد ہو گا اور اگلے تین سے چار مہینوں میں ان مقدمات کے فیصلے بھی ہو جائیں گے۔

حماد سعید 14 برس سے شعبہ صحافت سے منسلک ہیں، مختلف اخبارات اور ٹی وی چینلز کے ساتھ کام کیا، اب اردو کرانیکل کے لاہور میں نمائندہ خصوصی ہیں، کرائم، کورٹس اور سیاسی امور کے علاوہ ایل ڈی اے، پی ایچ اے، واسا، کسٹمز، ایل ڈبلیو ایم سی کے محکموں کی رپورٹنگ کرتے ہیں۔

Continue Reading
Click to comment

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین