پاکستان
کراچی میں رمضان کے دوران ڈکیتی کی ساڑھے 4 ہزار وارداتیں،وزیراعلیٰ ہاؤس کے باہر دھرنا دیں گے، حافظ نعیم
امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ کراچی کو قاتلوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے، ماہ رمضان میں ساڑھے 4 ہزار وارداتیں ہوچکی ہیں، عوام کا کام ہے اب خاموش نہ بیٹھیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ان دہشت گردوں کو جوبھی مینڈیٹ دے رہے ہیں دنیا و آخرت میں برباد ہوں گے،پوری قوم کی رائے کیخلاف ان لوگوں کو مسلط کیا گیا،عوام کا کام ہے اب خاموش نہ بیٹھیں اور آواز بلند کریں۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ یہاں پر کتنی پٹرولنگ ہوتی ہے تھانوں کو کچھ پتہ ہی نہیں ہوتا،عنقریب اگلے لائحہ عمل کااعلان کروں گا،ہماری ایک خاتون کونسلرکو بھی لوٹ لیا گیا۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ کل یہاں حامد بھائی کاقتل ہوا،کچھ ہی فاصلے پر ایک اور نوجوان کو قتل کردیا گیا،ماہ رمضان میں ساڑھے 4 ہزار وارداتیں ہوچکی ہیں،زبانی جمع خرچ سے مسئلہ حل نہیں ہوگا۔
امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ ہمیں اپنا حق لینے کیلئے اٹھنا پڑےگا،اگر پولیس کچھ نہیں کرسکتی تو عوام کو اپنا تحفظ خود کرنے دیا جائے،کراچی پولیس میں مقامی لوگوں کو بھرتی کیا جائے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ کراچی کو قاتلوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے،حکمران کہتے ہیں مزاحمت نہ کریں،بے لگام اسٹریٹ کریمنل کو روکنے کیلئے سخت اقدامات کرنا ہوں گے،کچے کے ڈاکو بھی بڑے طاقتور ہیں جنہیں روکنے والا کوئی نہیں،ہم تماشا نہیں دیکھیں گے بلکہ آواز اٹھائیں گے۔
حافظ نعیم الرحمان نے اسٹریٹ کرائم کے خلاف وزیراعلیٰ ہاؤس کے باہر دھرنے کااعلان کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اپنا قبلہ درست نہیں کرے گی تو تحریک چلانی پڑے گی۔