پاکستان

پی ایس او سے فیول سپلائی روکے جانے پر پی آئی اے کی اندرون ملک 5 پروازیں گھنٹوں تاخیر کا شکار

Published

on

واجبات کی عدم ادائیگی پر پی ایس او نے کراچی سمیت دیگر ملکی ہوائی اڈوں سے روانہ ہونے والے پی آئی اے کی ڈومیسٹیک روٹس کے جہازوں کو ایندھن کی فراہمی بند کی،48 کروڑ روپے کی ادائیگی کے باوجود ڈیڈ لاک برقرار رہا،کئی گھنٹے بعد مزاکرات میں تصفیہ ہونے کے بعد پروازیں تاخیر سے آپریٹ کی گئیں۔

ذرائع کے مطابق بدھ کی شب پی آئی اے کی کراچی،اسلام آباد اور لاہور ائیرپورٹس پر اندرون ملک آپریٹ ہونے والی پروازوں کی روانگی اس وقت رک گئی جب پی ایس او کی جانب سے ایندھن کی فراہمی بند کی گئی۔

اس دوران پروازوں سے روانہ ہونے والے مسافربورڈنگ پاسز کے ساتھ لاؤنج میں جہاز کی روانگی کے منتظر رہے،فیول بندش کا سلسلہ لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے شروع ہوا،جہاں پر کراچی کے لیے ٹیک آف کرنے والے طیارے کو ایندھن کی فراہمی روکی گئی۔

اگلے مرحلے میں کراچی کے جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر بیک وقت اسلام آباد،ملتان اور سکھر کی پروازوں کو فیول کی فراہمی بند کی گئی۔

بعدازاں اسلام ائیرپورٹ پر کراچی کے لیے روانہ ہونے پرواز پی کے 309 کو بھی فیول دینے سے انکار کیا گیا،یکے بعد دیگرے 5 پروازوں کو ایندھن کی فراہمی بند ہونے کے سبب پی آئی اے انتظامیہ کی دوڑیں لگ گئیں۔

اس دوران پی آئی اے کی جانب سے پی ایس اوکو 48 کروڑ کی ادائیگی کے باوجود مسئلہ حل نہ ہوا،ترجمان پی آئی اے کی جانب سے موقف اختیار کیا جاتا رہا کہ حکومتی سطح پر بات چیت کا عمل جاری ہے،جلد فیول کی سپلائی بحال ہوجائے گی،مگرمذکورہ پروازوں میں زیادہ سے زیادہ 3 گھنٹے کی تاخیر ہوئی۔

تاہم دونوں جانب ہونے والے مذاکرات ڈیڈ لاک کے بعد ایک مرحلے پر بارآور ثابت ہوئے،جس کے بعد پی آئی اے کے طیاروں کو ایندھن کی فراہمی کھول دی گئی،اور پروازیں منزل مقصود کی جانب روانہ ہوئیں۔

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین

Exit mobile version