ٹاپ سٹوریز
مچھ اور کولپور کمپلیکس پر حملہ کرنے والے 9 دہشتگرد مارے گئے، 4 سکیورٹی اہلکار شہید، آئی ایس پی آر
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے کہا ہے کہ مچھ اور کولپور کمپلیکس پر حملہ کرنے والے 9 دہشتگرد مارے گئے ان دہشتگردوں میں تین خودکش بمبار بھی تھے۔آپریشن اب بھی جاری ہے۔
آئی ایس پی کے مطابق 29 اور 30 جنوری کی درمیانی رات خودکش بمباروں سمیت متعدد دہشت گردوں نے بلوچستان میں مچھ اور کولپور کمپلیکس پر حملہ کیا، جس کا قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مؤثر جواب دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق علاقے میں سیکیورٹی فورسز کو فوری طور پر متحرک کردیا گیا جو کہ آپریشن کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اب تک 3 خودکش حملہ آوروں سمیت 9 دہشت گرد جہنم واصل اور 3 زخمی ہو چکے ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں کے چار بہادر ارکان نے بہادری سے لڑتے ہوئے دو معصوم شہریوں کے ساتھ شہادت کو گلے لگا لیا۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کا موثر جواب دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان کے بے لوث عزم کا ثبوت ہے۔ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہیں۔