Urdu Chronicle

Urdu Chronicle

پاکستان

لال حویلی سیل کرکے رجسٹری منسوخ کئے جانے پر لاہور ہائیکورٹ کا اظہار برہمی

Published

on

لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ نے شیخ رشید احمد کے سیاسی مرکز لال حویلی کو سیل کیئے جانے سے متعلق دائر پٹیشن پر ابتدائی سماعت کے بعد مزیدسماعت کیلئے جسٹس وقاص روف مرزا کو بھجوا دی جبکہ عدالتی حکم کے باوجود متروکہ وقف املاک حکام کو لال حویلی سیل اور رجسٹری منسوخ کرنے کے اقدام پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ہم نے قانون کے مطابق فیصلے کرنا ہیں ورنہ یہ کینگرو کورٹس کہلائیں گی۔

متروکہ وقف املاک بورڈ کی جانب سے لال حویلی سیل اور رجسٹری منسوخ کئے جانے کیخلاف لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ میں پٹیشن پر سماعت ہوئی۔

جسٹس جواد حسن نے لال حویلی کی ملکیت کے دعویدار شیخ رشید کے بھائی شیخ صدیق اور بہن عابدہ شمیم کی درخواست پر سماعت کی۔ پٹیشنرز کی جانب سے سردار عبدالرازق ایڈوکیٹ عدالت عالیہ میں پیش ہوئے۔

سردار عبدالرازق نے عدالت کو بتایا کہ ہائی کورٹ میں متروکہ وقف املاک کے سابقہ اقدام کے خلاف ایک پٹیشن پہلے ہی التواء میں ہے اور اس پر متروکہ وقف املاک نے جواب داخل کرنے کے لیئے مہلت کی استدعا کر رکھی ہے، اس کے باوجود سیاسی بنیادوں پر کاروائی کرتے ہوئے اس بناء پر لال حویلی کو سیل اور رجسٹری منسوخ کردی گئی کہ یہ شیخ صدیق کے بھائی شیخ رشید کی سیاسی سرگرمیوں کا مرکزی آفس ہے۔

اس پر جسٹس جواد حسن نے عدالتی حکم کی خلاف ورزی پرمتروکہ وقف املاک پر برہمی کا اظہار قرار دیا کہ ہائی کورٹ نے حکم دیا تھا کہ کوئی آرڈر پاس نہیں کرنا تو لال حویلی سیل اور رجسٹری منسوخ کیوں کی؟۔

عدالت نے قرار دیا کہ کیوں نہ چیئرمین وقف متروکہ املاک کو ذاتی طور طلب کیا جائے۔ ہمیں بغیر خوف و خطر فیصلے کرنا ہوں گے۔

عدالت نے محکمہ وقف متروکہ املاک کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب جمع کرانے کا حکم دیا جبکہ درخواست باضابطہ سماعت کے لیئے جسٹس وقاص رؤف مرزا کو بھجواتے ہوئے سماعت 2 اکتوبر تک ملتوی کردی۔

آئندہ سماعت  لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس مرزا وقاص رؤف کریں گے۔

Continue Reading
Click to comment

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین