Urdu Chronicle

Urdu Chronicle

ٹاپ سٹوریز

190 ملین پاؤنڈ سکینڈل، عمران خان اور بشریٰ بی بی سمیت 8ملزموں کے خلاف ریفرنس دائر

Published

on

قومی احتساب بیورو (نیب) نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل کا ریفرنس دائر کردیا۔

احتساب عدالت اسلام آباد میں چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل میں ریفرنس دائر کیا گیا، نیب راولپنڈی کی جانب سے دائر ریفرنس میں چیئرمین پی ٹی آئی بشریٰ بی بی، فرح گوگی، شہزاد اکبر، بیرسٹر ضیاء المصطفیٰ نذیر اور ذلفی بخاری سمیت 8 ملزمان کے نام شامل ہیں۔

ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل مظفر عباسی نے تفتیشی افسر میاں عمر ندیم کے ہمراہ ریفرنس دائر کیا اور احتساب عدالت کے رجسٹرار آفس نے ریفرنس کی جانچ پڑتال شروع کر دی ہے۔

نیب کا کہنا ہے کہ رواں سال 20 اپریل کو نیب نے تحقیقات کے مرحلے کو تفتیشی عمل میں تبدیل کیا، 2 دسمبر 2019 کو شہزاد اکبر نے چیئرمین پی ٹی آئی کو نوٹ دیا۔ نوٹ کے مطابق نیشنل کرائم ایجنسی (این سی اے) کی درخواست پر برطانیہ کے مجسٹریٹ نے اکاؤنٹ فریز کرنے کا حکم جاری کیا، اکاؤنٹ فریز کرنے کا حکم 20 ملین پاؤنڈ کی پراپرٹی کے حوالے سے تھا، این سی اے نے 170ملین پاؤنڈ کے مزید اکاؤنٹ فریز آرڈر حاصل کیے، برطانیہ میں اس پراپرٹی کی کل مالیت 190 ملین پاؤنڈ تھی۔

ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ اپریل 2019 میں چیئرمین پی ٹی آئی کو غیر قانونی فائدہ دیا گیا۔ القادر ٹرسٹ یونیورسٹی کی مد میں ذلفی بخاری کے ذریعے چیئرمین پی ٹی آئی کو 458 کنال زمین ملی، القادر ٹرسٹ یونیورسٹی کے بانی چیئرمین پی ٹی آئی اور ٹرسٹی بشریٰ بی بی تھیں۔

تفتیش سے معلوم ہوا جب چیئرمین پی ٹی آئی کو فائدہ پہنچایا گیا تو القادر ٹرسٹ یونیورسٹی کا وجود نہیں تھا، پیسوں کی غیر قانونی منتقلی کے پیچھے غلط مقاصد تھے جس میں چیئرمین پی ٹی آئی ملوث تھے۔

نیب کا کہنا ہے کہ برطانیہ میں ضبط شدہ پراپرٹی ریاست پاکستان کی تھی، غلط عکاسی کی گئی کہ سپریم کورٹ میں اکاؤنٹ ریاست پاکستان کے مفاد کے لیے چلایا جا رہا ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے نوٹ ان کیمرا کابینہ کے سامنے رکھا جس کو دسمبر 2019 میں کابینہ نے منظور کیا، پیسوں کی منتقلی سے متعلق شہزاد اکبر اور چیئرمین پی ٹی آئی نے چھپ کر بے ایمانی کا سہارا لیا، شہزاد اکبر، چیئرمین پی ٹی آئی نے حکومت پاکستان کی جانب سے ڈیڈ آف کانفیڈینشلٹی نیشنل کرائم ایجنسی میں جمع کروائی۔

458 کنال زمین ذلفی بخاری کو اپریل 2019 میں ٹرانفسر کی گئی، ذلفی بخاری کو ٹرانسفر کی گئی زمین بعد میں القادر ٹرسٹ یونیورسٹی کو ٹرانسفر کی گئی، القادر ٹرسٹ یونیورسٹی کو 28 کروڑ 50 لاکھ روپے بھی منتقل کیے گئے، یونیورسٹی کی تعمیر کی مالیت 28 کروڑ 40 لاکھ روپے لگائی گئی، دیگر قیمتی سامان بھی دیا گیا۔

نیب ریفرنس میں مزید کہا گیا کہ ضیاء المصطفیٰ، شہزاد اکبر نے متعدد بار برطانیہ کے دورے کیے، نیشنل کرائم ایجنسی سے معاملات طے کیے، ذلفی بخاری نے بطور چیئرمین پی ٹی آئی کے فرنٹ مین کا کردار ادا کیا۔

بشریٰ بی بی نے اپنے شوہر چیئرمین پی ٹی آئی کے ساتھ مل کر غیر قانونی عمل کیا، بشریٰ بی بی نے اہلیہ ہونے کے ناطےمالی فوائد حاصل کیے، بشریٰ بی بی نے ایکنالجمنٹ آف ڈونیشن پر دستخط کیے، غیر قانونی عمل میں کردار ادا کیا۔

 نیب کا کہنا ہے کہ فرح گوگی چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی فرنٹ وومن تھیں، فرح گوگی کو جنوری2022 میں القادرٹرسٹ کا ٹرسٹی بنایا گیا، بشریٰ بی بی کے ساتھ منسلک تھیں، ٹرسٹی بننے کے فوراً بعد 240 کنال زمین فرح گوگی کے نام ٹرانفسر کی گئی۔

ریفرنس میں یہ بھی کہا گیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی سمیت 8 ملزمان نیب آرڈیننس کے تحت کرپشن، کرپٹ پریکٹس کے مرتکب ہوئے، چیئرمین پی ٹی آئی سمیت 8 ملزمان کےخلاف ثبوت موجود ہیں، ٹرائل کورٹ مزید کارروائی کا آغاز کرے۔

Continue Reading
Click to comment

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین