Urdu Chronicle

Urdu Chronicle

پاکستان

پنجاب اسمبلی : ضمنی بجٹ پر بحث، 208 ارب روپے عمران حکومت گرانے کے لیے استعمال ہوئے، اپوزیشن کا الزام

Published

on

پنجاب اسمبلی میں ضمنی بجٹ پر بحث مکمل کر لی گئی۔ اپوزیشن لیڈر احمد خان بھچر نے ضمنی بجٹ کو ہدف تنقید بناتے ہوئے الزام لگایا کہ بجٹ میں دو سو آٹھ ارب روپے کی کوئی تفصیل نہیں،، ممکن ہے یہ پیسہ سندھ ہائوس اور حکومت گرانے میں استعمال ہوا۔ حکومتی رکن بلال یامین پینتالیس سینتالیس کے بار بار ذکر پر اپوزیشن پر برس پڑے اور کہا کہ اپوزیشن والے ارکان بھول جاتے ہیں کہ یہ کسی فیض کی گود میں بیٹھ خود فیضاب ہوئے۔ اپوزیشن رکن شیخ امتیاز کاکہناتھاکہ کرپٹ پولیس کو ماتھے کا جھومر کہنے والے آئی جی کو نک دا کوکا اور سی سی پی او کو پائوں کے گھنگرو بناکر کرپشن کا ننگا ناچ کر لیں۔

پنجاب اسمبلی کااجلاس ڈپٹی سپیکر ظہیر چنٹر کی صدارت میں دو گھنٹے پینتالیس منٹس کی تاخیر سے شروع ہوا۔اجلاس میں 6سو 17ارب روپے کے ضمنی بجٹ پر بحث مکمل کی گئی۔

اپوزیشن لیڈر احمد خان بھچر نے کہا کہ بیوروکریسی نے صوبہ میں لوٹ مار مچا رکھی ہے، قوم کا پیسہ اللے تللوں پر ضائع کیاجارہا ہے، چھ سو سترہ ارب روپے کے ضمنی بجٹ میں دو سو آٹھ ارب روپے کا کچھ پتہ نہیں کہ کہاں خرچ ہوا ، ہمارا مطالبہ ہے کہ ضمنی بجٹ کا آڈٹ کروایا جائے، یہ دو سو آٹھ ارب روپے کا بجٹ ہماری حکومت گرانےاور سندھ ہاؤس کی سرگرمیوں میں استعمال کیاگیا،ہمیں سبز ربن میں باندھ کر کتابیں دیدی جاتی ہیں پتہ ہی نہیں ہوتا کہ کون سی رقم کہاں خرچ ہوئی،

وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا کہ انتہائی افسوس ہے کہ اپوزیشن لیڈر کو بجٹ کتاب بھی دیکھنی نہیں آتی،کل بجٹ تقریر میں سب حقائق سامنے رکھوں گا،سات ماہ پرویز الٰہی، بائیس دن حمزہ شہباز کی حکومت رہی، جس میں کوئی سیپلیمنٹری بجٹ پیش نہیں کیا گیا، پانچ ماہ کی نگران حکومت کا بجٹ پیش ہوا ہے۔

حکومتی رکن بلال یامین اپوزیشن پر برس پڑے اور کہاکہ اپوزیشن اپنے طور طریقے ٹھیک کرے، ان کے منہ سے فارم پینتالیس اور سینتالیس ہی نکلتا ہے ، فیض کی گود میں بیٹھ کر فیضاب ہونے والے دو ہزار اٹھارہ کاانتخاب بھول گئے،انہیں کے پی الیکشن ٹھیک اور پنجاب کا خراب نظر آ رہا ہے۔

اعجاز شفیع نے کہا کہ گورا کریسی کھربوں کی تنخواہ لیتی ہے اس کے اختیارات کو محدود کیا جائے، حکومت نے بیس کروڑ روپے رکھے ہیں ان کا فوکس عوام کی ریلیف نہیں ذاتی تشہیر ہے۔

اپوزیشن رکن شیخ امتیاز نے کہاکہ حکومت والے کہتے ہیں کرپٹ پولیس ماتھے کا جھومر ہیں،آئی جی ’نک دا کوکا‘ سی سی پی او جانو کے جھومر اور ایس پی پاؤں کے گھنگرو  مل کر کرپشن کا ننگا ناچ ناچیں، آٹھ سو پینسٹھ  ارب کی بجٹ والی کتاب عیاشیوں کرپشن کی داستان ہے۔

اپوزیشن رکن ندیم قریشی کاکہناتھاکہ خوشامدی فوج نے مریم نواز کو قائد زی وقار بنایا ہوا ہے، تین سو مفت یونٹ والی حکومت بتائے چھ سو سترہ ارب روپے کا بجٹ کہاں خرچ ہوا۔

پنجاب اسمبلی کااجلاس ایجنڈا مکمل ہونے پر ہفتہ کی صبح دس بجے تک ملتوی کردیا گیا۔

Continue Reading
Click to comment

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین