Urdu Chronicle

Urdu Chronicle

ٹاپ سٹوریز

جی20 اجلاس،بھارت کی سبکی،چین کا سرینگر اجلاس کابائیکاٹ، ترکی،سعودیہ غیرحاضررہنے کےاشارے

Published

on

بین الاقوامی فورم کو علاقائی سیاست کے لیے استعمال کرنے پر بھارت کو شدید خفت کا سامنا ہے، چین نے جی20 اجلاس مقبوضہ کشمیر میں رکھے جانے پر شرکت سے انکار کردیا ہے جبکہ ترکی اور سعودی عرب نے بھی اب تک اس اجلاس میں شرکت کے لیے رجسٹریشن نہیں کرائی۔

چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وین بین نے کہا کہ چین متنازع علاقوں میں کسی بھی شکل میں جی 20 اجلاس منعقد کرنے کی سختی سے مخالفت کرتا ہے اور اس طرح کے اجلاسوں کا حصہ نہیں بنے گا۔

بھارت نے جی20 کے تیسرے ٹورزم ورکنگ گروپ کا اجلاس 22 مئی کو سرینگر میں رکھا ہے، جس کا مقصد یہ دکھانا ہے کہ  جی 20 ملکوں کے عہدیداروں کو بھارتی قبضے پر پر کوئی تحفظات نہیں ہیں اور اس کا قبضہ جائز ہے۔

بھارت نے اگست 2019 میں کشمیر کا الگ تشخص ختم کیا تھا اور اسے بھارتی حصہ قرار دیا تھا، بھارت کو امید تھی کہ جی 20 ٹورزم ورکنگ گروپ کے اجلاس میں 100 سےزیادہ ملکوں کے عہدیدار شریک ہوں گے اور بالواسطہ طور پر اس کا قبضہ تسلیم کر لیا جائے گا۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کر رہا ہے کہ ترکی نے بھی اس اجلاس سے دور رہنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ سعودی عرب نے اب تک اس اجلاس کے لیے رجسٹریشن ہی نہیں کرائی۔

جی 20 ٹورزم ورکنگ گروپ اجلاس کے لیے سرینگر کو زمین سے فضا تک ایک فوجی چھاؤنی میں بدل دیا گیا ہے، بھارتی میرین کمانڈوز اور این ایس جی گارڈز بھی چپے چپے پر تعینات ہیں۔ بھارتی میرینز نے سرینگر کی ڈل جھیل کو قبضے میں لے رکھا ہے، این ایس جی گارڈز مختلف علاقوں کا محاصرہ کئے ہوئے ہیں، این ایس جی گارڈز نے جمعرات کو لال چوک کے علاقے میں سرچ آپریشن بھی کئے۔

بھارتی کی پیراملٹری فورسز نے بھی ڈل جھیل میں ہاؤس بوٹس کی تلاشی لی،ڈل جھیل کی ہاؤس بوٹس کشمیر کی صدیوں پرانی تہذیب کی عکاس ہیں۔

بھارت جی 20 کے اجلاس سرینگر میں رکھ کر دنیا کے بڑے ملکوں کی طرف سے کشمیر پر قبضے کی توثیق چاہتا ہے، چین خود بھی خطے میں بھارت کے ساتھ سرحدی تنازعات کا فریق ہے۔

Continue Reading
Click to comment

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین