Urdu Chronicle

Urdu Chronicle

ٹاپ سٹوریز

ملک کو نقصانات سے بچانے کے لیے غیرقانونی معاشی سرگرمیوں کے خلاف کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہیں گی، آرمی چیف

Published

on

پاک فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ ملک کو درپیش معاشی نقصانات سے نجات دلانے کے لیے غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف قانون نافذ کرنے والے اداروں کی متعلقہ سرکاری محکموں کے ساتھ مل کر کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے جمعرات کو لاہور کا دورہ کیا اور صوبائی اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اپیکس کمیٹی اجلاس میں نگراں وزیر اعلیٰ محسن نقوی بھی شریک ہوئے، آرمی چیف کو صوبے کی سکیورٹی صورتحال سمیت بجلی،گیس چوری، ذخیرہ اندوزی اور غیر ملکی کرنسی کی سمگلنگ کے خلاف قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

فورم کو اقلیتوں کے تحفظ کے لیے کیے گئے اقدامات اور صوبے کے کچے کے علاقے میں آپریشنز کی پیش رفت کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی جبکہ فورم نے غیرقانونی غیرملکی شہریوں کی وطن واپسی کا بھی جائزہ لیا۔

آرمی چیف نے اجلاس میں زور دیا کہ غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں متعلقہ سرکاری محکموں کے ساتھ مل کر پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گی تاکہ پاکستان کو مختلف طریقوں سے ہونے والی چوریوں کی وجہ سے درپیش معاشی نقصانات سے نجات مل سکے۔

فورم کو خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل(ایس آئی ایف سی) اور گرین پنجاب کے اقدامات پر جاری پیشرفت سے بھی آگاہ کیا گیا اور آرمی چیف نے تاریخی اقدامات کے اثرات سے فائدہ اٹھانے کے لیے تمام متعلقہ محکموں کے درمیان ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا۔

اجلاس کے شرکا نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ریاستی ادارے، سرکاری محکمے اور عوام صوبے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے متحد ہیں۔

ساجد خان کراچی کے ابھرتے ہوئے نوجوان صحافی ہیں،جو اردو کرانیکل کے لیے ایوی ایشن،اینٹی نارکوٹکس،کوسٹ گارڈز،میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی،محکمہ موسمیات،شہری اداروں، ایف آئی اے،پاسپورٹ اینڈ امگریشن،سندھ وائلڈ لائف،ماہی گیر تنظیموں،شوبز اور فنون لطیفہ کی سرگرمیاں کور کرتے ہیں۔

Continue Reading
Click to comment

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین