Urdu Chronicle

Urdu Chronicle

ٹاپ سٹوریز

امریکا، بھارت نے مشترکہ دفاعی پیداوار کا روڈ میپ تیار کرلیا،جمہوری ملکوں کو ایک ہونا ہوگا، امریکی وزیر دفاع

Published

on

بھارت نے کہا ہے کہ امریکا کے ساتھ مذاکرات میں دفاعی صنعت کے شعبے میں تعاون کے لیے اگلے چند برسوں کے لیے روڈ میپ تیار کر لیا گیا ہے۔

امریکا بھارت کے ساتھ دفاعی تعلقات کو گہرا کرنے کے لیے کام کر رہا ہے اور فوجی روابط کے ساتھ ٹیکنالوجی منتقلی پر بھی کام جاری ہے جس کا مقصد چین کے بڑھتے اثر و رسوخ کو روکنا ہے۔

بھارت، امریکا دفاعی تعاون کا روڈ میپ دونوں ملکوں کے وزرا دفاع کی ملاقات کے دوران طے پایا، امریکی وزیر دفاع جنرل ریٹائرڈ لائیڈ آسٹن نئی دہلی کے دورے پر ہیں، اس دورے کا مقصد 22 جون کے مودی کے دورہ واشنگٹن کی تیاری ہے۔

امریکا اتحادی ملکوں کو دفاعی ٹیکنالوجی کی منتقلی پر سخت کنٹرول کی پالیسی رکھتا ہے، اس پالیسی کے ہوتے ہوئے دونوں ملکوں کے درمیان دفاعی تعاون کے روڈ میپ کی تیاری انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔

بھارتی وزارت دفاع سے جاری بیان میں کہا گیا کہ دونوں وزرا دفاع کے درمیان مذاکرات کا بنیادی نکتہ دفاعی صنعت میں تعاون کو مضبوط بنانے کے طریقے تلاش کرنا تھا، دونوں فریق نئی ٹیکنالوجیز کی مشترکہ ترقی اور نئے نظاموں کی مشترکہ پیداوار کے مواقع کی نشاندہی کریں گے۔

بھارتی وزارت دفاع کے بیان میں کہا گیا کہ ان مقاصد کے حصول کے لیے دونوں ملکوں نے روڈ میپ تیار کیا ہے جو اگلے چند سال میں پالیسی کے تعین میں مدد دے گا۔

بھارت دنیا میں سب سے بڑا اسلحہ خریدار ہے،بھارت کی دفاعی درآمدات میں سے نصف روس مہیا کرتا ہے،بھارت اب دنیا کے بڑے اسلحہ سازوں کے ساتھ مل کر پیداوار کرنا چاہتا ہے اور اسلحہ کی پیداوار کے لیے بھارت کے اندر یونٹس قائم کرنا چاہتا ہے۔

امریکی صدر بائیڈن جیٹ انجنز کی بھارت میں تیاری کے لیے جنرل الیکٹرک کمپنی کو اجازت دینے کے معاہدے پر جلد دستخط کرنے والے ہیں۔

امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے کہا کہ بھارتی ہم منصب نے ان کے ساتھ انٹیلی جنس شیئرنگ بڑھانے ، میری ٹائم تعاون پر بات کی، امریکا اور بھارت کی شراکت داری اہم ہے کیونکہ دنیا تیزی سے بدل رہی ہے، چین ملکوں کو دھمکا رہا ہے، روس نے یوکرین پر جنگ مسلط کی اور طاقت کے ذریعے بارڈرز کو دوبارہ طے کرنا چاہتا ہے۔

امریکی وزیر دفاع نے کہا کہ اب جمہوری ملکوں کو مشترکہ اقدار اور مفادات کے لیے اکٹھا ہونا ہوگا۔

Continue Reading
Click to comment

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین