Urdu Chronicle

Urdu Chronicle

دنیا

امریکی فوجی شمالی کوریا کا بارڈر پار کر گیا،واشنگٹن میں کھلبلی

Published

on

امریکی فوج کا جنوبی کوریا میں تعینات اہلکار بارڈر پار کر کے شمالی کوریا میں داخل ہوگیا جس کے بعد امریکی فوج اس کے بارے میں کھوج لگانے میں مصروف ہے اور شمالی کوریا کی فوج سے جنوبی کوریا نے ہاٹ لائن پر رابطے کئے ہیں لیکن وہاں سے کیا جواب ملا، امریکی فوج اس بارے میں کچھ بھی نہیں بتا رہی۔

شمالی کوریا میں گھسنے والے فوجی کا نام ٹریوس ٹی کنگ بتایا گیا ہے، ٹریوس نے 2021 میں امریکی فوج جوائن کی اور اسے اس وقت فوج کی جانب سے تادیبی کارروائی کا سامنا تھا۔امریکی وزیر دفاع کے مطابق جنوبی کوریا میں شمالی کوریا کی سرحد کے ساتھ جوائنٹ سکیورٹی ایریا میں ایک مشق کے دوران ٹریوس ’ جان بوجھ کر اور بغیرت اجازت‘ شمالی کوریا کے اندر چلا گیا۔

امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ وہ شمالی کوریا کی حراست میں ہے اور ہم صورتحال کا بغور جائزہ لے رہے ہیں، تحقیقات کر رہے ہیں اور سپاہی کے وارثوں کوبھی مطلع کیا جا رہا ہے۔

شمالی کوریا کے میڈیا میں اس واقعہ کا کوئی ذکر نہیں،اقوام متحدہ کے لیے شمالی کوریا  کے نیویارک میں مندوب اور مشن نے بھی اس حوالے سے روئٹرز کے رابطے پر جواب نہیں دیا۔

امریکی فوجی کی جانب سے شمالی کوریا کی بارڈر کراسنگ کا واقعہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی جوہری آبدوز نے پہلی بار بدھ کو جزیرہ نما کوریا کا دورہ کیا اور شمالی کوریا نے دو میزائل فائر کئے، اس طرح دونوں طرف سے کشیدگی عروج پر ہے۔

جنوبی کوریا میں امریکی افواج کے ترجمان کرنل آئزک ٹیلر نے کہا کہ امریکی فوج جنوبی کوریا کی فوج کے ساتھ مل کر معاملے کو حل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

Continue Reading
Click to comment

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین