پاکستان
نگران وزیراعظم اور کابینہ کو کام سے روکنے کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کو عہدے سے ہٹانے کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی گئی،درخواست مقسط سلیم ایڈووکیٹ نے دائر کی،درخواست میں الیکشن کمیشن سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ پندرہ نومبر کو نگران وزیراعظم اور کابینہ کی مدت ختم ہوگئی، کسی آئینی ادارے نے نگران حکومت کو توسیع نہیں دی،آئینی طور پر نگران وزیراعظم اور کابینہ کا پندرہ نومبر کے بعد برقرار رہنا درست نہیں۔
درخواست میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن سے بھی اس آئینی مسئلے کے حل کیلئے رجوع کیا،الیکشن کمیشن نے اس معاملے پر تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا،نگران حکومت کا مدت ختم ہونے کے بعد کام کرنا آئین کی خلاف ورزی ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت نگران وزیراعظم کو کام سے روکنے کے احکامات جاری کرے،عدالت نئی وفاقی نگران حکومت قائم کرنے کے احکامات جاری کرے، عدالت نگران وزیراعظم اور کابینہ کو اہم نوعیت کے فیصلے کرنے سے روکنے کا حکم دے۔