ٹاپ سٹوریز
کارپوریٹ فارمنگ کے لیے فوج کو ہزاروں ایکڑ اراضی دینے کے لیے ترمیمی معاہدے کی منظوری
نگران پنجاب حکومت نے کارپوریٹ فارمنگ کیلئے پاک فوج کو اراضی دینے سے متعلق کیے گئے ترمیمی معاہدے کی منظوری دے دی۔
ذرائع کے مطابق بورڈ آف ریونیو پنجاب اور پاک فوج کی ملکیتی گرین کارپوریٹ انیشی ایٹوز کمپنی کے درمیان معاہدے کی منظوری دی گئی،ترمیمی معاہدے کے تحت کارپوریٹ فارمنگ کے 20 فیصد منافع سے تحقیق و ترقی کی جائے گی،ترمیم کے بعد منافع کا 40 فیصد حکومت کو ملے گا اور 40 فیصد سے سڑکوں، نالوں کی تعمیر و مرمت کی جائے گی۔
ڈائریکٹر جنرل سٹریٹجک پراجیکٹس پاک آرمی نے 15 ستمبر 2023 کو ترمیمی جوائنٹ وینچر کا ڈرافٹ ارسال کیا تھا۔
ڈائریکٹر جنرل سٹریٹجک پراجیکٹس پاک آرمی کے مراسلے کے مطابق گرین کارپوریٹ انیشی ایٹوز پرائیویٹ لمیٹڈ پاک فوج کی جانب سے بنائی گئی کمپنی ہے، جو کہ 18 اگست 2023 کو سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان میں رجسٹرڈ ہوئی۔
محکمہ قانون پنجاب بھی جوائنٹ وینچر معاہدے کے ڈرافٹ کی منظوری دے چکا ہے، لاہور ہائی کورٹ کے سنگل بنچ نے 21 جون 2023 کو اراضی کی منتقلی سے متعلق پنجاب حکومت کے خلاف فیصلہ دیا، عدالت عالیہ نے 20 فروری کا نوٹیفکیشن بھی کالعدم قرار دے دیا تھا، ذرائع
سنگل بنچ کے فیصلے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل دائر کی گئی،17 جولائی کو اپیل میں سنگل بنچ کے فیصلے پر حکم امتناعی آگیا، 17 جون کے بعد کیس سماعت کیلئے دوبارہ مقرر نہیں کیا گیا، انٹراکورٹ اپیل میں حکم امتناعی آنے کے بعد معاہدے میں ترمیم کی سفارش کی گئی۔
9 فروری 2023 کو کارپوریٹ فارمنگ کیلئے ریاستی اراضی کی لیز سے متعلق شرائط طے کر دی گئی تھیں،کالونیز ڈیپارٹمنٹ بورڈ آف ریونیو پنجاب نے 20 فروری 2023کو نوٹیفکیشن جاری کیا،پنجاب کی کابینہ کے 25 فروری 2023 کے فیصلے کے تحت ڈی جی تزویراتی منصوبہ جات پاک فوج اور پنجاب حکومت میں 8 مارچ کو جوائنٹ وینچر کا معاہدہ ہوا۔
جوائنٹ وینچر معاہدے کے تحت 29 مارچ کو ساہیوال، خوشاب اور بھکر میں 21 ہزار993 ایکڑ اراضی دی گئی۔پنجاب کی نگران صوبائی کابینہ نے ترمیمی معاہدے کی منظوری دے دی۔