پاکستان
بلاول نورا کشتی بند کریں، سب جانتے ہیں مقابلہ شیر اور تیر کے درمیان نہیں، یاسمین راشد
سابق صوبائی وزیر اور تحریک انصاف کی امید وار ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری نورا کشتی بند کر دیں، سب کو جانتے ہیں کہ مقابلہ شیر اور تیر میں نہیں ہے۔
ڈاکٹر یاسمین راشد نے انسداد دہشت گردی عدالت میں اپنے خلاف مقدمے کی سماعت کے بعد میڈیا سے غیر رسمی بات چیت کی اور کہا کہ نواز شریف یاد رکھیں وہ ڈٹ کر کھڑی ہیں۔
سابق صوبائی وزیر کے مطابق حلقے کے عوام ووٹ اس کو دیں جو ان کے ساتھ کھڑا ہے۔ عوام اس کو ووٹ نہ دیں جو بھاگ جاتا ہے۔
تحریک انصاف کی رہنما نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کو اب یاد آیا ہے کہ خواتین جیل میں ہیں۔ کل تک یہی مسلم لیگ نون والے ان کے مامے چاچے بنےہوٸے تھے۔
انہوں نے کہا کہ آج خواتین پر ظلم کرنے والوں اور خواتین کے حقوق کے لیے جدوجہد کرنے والوں کا مقابلہ ہے اور تحریک انصاف میدان میں ہے۔
سابق صوبائی وزیر صحت نے افسوس کا اظہار کیا کہ غریبوں کو صحت کارڈ دیا اور بیالیس لاکھ غریب لوگ صحت کارڈ سے مستفید ہوئے لیکن غریب کا صحت کارڈ بند کر دیا گیا جس کا حساب عوام الیکشن میں لیں گے۔
یاسمین راشد نے کہا کہ اگر وہ باہر ہوتیں تو آج حلقے کے عوام میں ہوتیں۔