Urdu Chronicle

Urdu Chronicle

تازہ ترین

ضمنی الیکشن، کئی مقامات پر لڑائی جھگڑے کے واقعات، نارووال میں مسلم لیگ ن کا کارکن قتل

Published

on

قومی اسمبلی کی 5 اور صوبائی اسمبلی کی 16 نشستوں پرضمنی الیکشن کے لیے ووٹنگ کا جاری ہے اور کئی مقامات پر لڑائی جھگڑے کے واقعات ہوئے ہیں۔

نارووال کے حلقہ پی پی 54 میں مسلم لیگ (ن) اور سنی اتحاد کونسل کے کارکنوں کے درمیان جھگڑے کے نتیجے میں 60 سالہ لیگی کارکن سر میں ڈنڈا لگنے سے جاں بحق ہوگیا۔

پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 54 نارووال میں مسلم لیگ ن اور سنی اتحاد کونسل کے کارکنوں میں جھگڑا ہوا، جھگڑے کے دوران مسلم لیگ ن کا کارکن جان کی بازی ہار گیا۔

مخالفین نے جھگڑے کے دوران مسلم لیگ ن کے کارکن کے سر میں ڈنڈا مار دیا تھا، شدید زخمی 60 سالہ محمد یوسف اسپتال لایا گیا تھا تاہم زخمی اسپتال پہنچنے سے قبل ہی جان کی بازی ہار گیا، پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔

فیروزوالہ میں گورنمنٹ پرائمری سکول نظام پورہ میں لڑائی جھگڑے اور فائرنگ سے 3 افراد زخمی ہوگئے۔

لاہور میں حلقہ این اے 119 میں پاکستان مسلم لیگ ( ن ) اور سنی اتحاد کونسل کے کارکنان میں ہاتھا پائی ہوگئی۔

ذرائع کے مطابق حلقہ 119 میں لیگی کارکنوں اور سنی اتحاد کونسل میں ہاتھا پائی پولنگ اسٹیشن کے باہر پولنگ کیمپ لگانے پر ہوئی۔

تصادم کے وقت پولیس نے چار کارکنان کو حراست میں لیا، تاہم بعد میں معاملہ ختم کروانے کے بعد پولیس نے کارکنان کو چھوڑ دیا۔

سنی اتحاد کونسل کے امیدوار شہزاد فاروق کہتے ہیں کہ، ہمارے پولنگ ایجنٹ کو تنگ کیا جا رہا ہے۔ ہمارے پولنگ ایجنٹس کو آر او آفس سے باہر نکال دیا گیا ہے۔

شیخوپورہ کی تحصیل فیروزوالہ میں مسلم لیگ ن اور سنی اتحاد کونسل کے اراکین گتھم گتھا ہوگئے، کارکن ایک دوسرے پر مکے برساتے رہے، پولیس خاموش تماشائی بنی رہی۔

شیخوپورہ میں جھگیاں سیالاں میں حلقہ پی پی 139 میں نظام پورہ ڈھاکہ پولنگ اسٹیشن پر دو گروپوں میں مسلح تصادم ہوا۔ فائرنگ کے بعد پولنگ کا عمل روکا گیا، جھگڑے کے دوران ڈنڈے لگنے سے3 افراد زخمی ہوگئے۔

بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 50 قلعہ عبداللہ سے پشتونخوا میپ کے امیدوار میر وائس اچکزائی نے 5 پولنگ اسٹیشنز کے عملے کو کرنے اغواء کا الزام لگا دیا۔

میر وائس اچکزئی نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ 5 پولنگ اسٹیشنز کے عملے کو گزشتہ شب اغواء کیا گیا ہے، خدشہ ہے کہ مزید پولنگ اسٹیشنز کے عملے کو بھی اغواء کیا گیا ہو۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملزمان عملے کے ساتھ بیلٹ پیپرز اور دیگر انتخابی سامان کو بھی ساتھ لے گئے، صورتحال سے چیف الیکشن کمشنر اور متعلقہ حکام کو آگاہ کیا ہے۔

میر وائس اچکزئی نے مطالبہ کیا کہ انتخابی عملے کو بازیاب کرکے انہیں تحفظ فراہم کیا جائے۔

Continue Reading
Click to comment

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین