Urdu Chronicle

Urdu Chronicle

پاکستان

چیف آف دی نیول اسٹاف کا ضلع سانگھڑ میں ہائی اسکول کا افتتاح

Published

on

سانگھڑ میں گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول کے ایڈمن اور سیکنڈری بلاک کی افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق مہمان خصوصی کی آمد پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر وزیرِ تعلیم سندھ بھی موجود تھے۔اسکول کے افتتاح کا مقصد مقامی طلبہ کو معیاری تعلیم فراہم کرنا ہے۔

نیول چیف نے اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کے لیے ایک قابل فخرموقع ہے کہ وہ اس اسکول کا افتتاح کر رہے ہیں جہاں انھوں نے زمانہ طالب علمی کے یادگار لمحات گزارے۔ نیول چیف نے اپنے اساتذہ کو بھی خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے انہیں زندگی کے عظیم اصول سکھائے اور ان کی قائدانہ صلاحیتوں کو اجاگر کیا۔

پاک بحریہ کے سربراہ نے کہا کہ اساتذہ قومی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں ۔اساتذہ، طلباء کی تعلیمی، معاشرتی اور اخلاقی پرورش کے ذریعے معاشرے کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

امیر البحر نے پاک بحریہ کی تعلیمی کاوشوں کی نشاندہی کی جس میں ملک کی طول و عرض میں قائم بحریہ یونیورسٹیز، کالجز اور اسکولز شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ آف دی آرٹ کیڈٹ کالج اورماڑہ کی تعمیر بھی بلوچستان کی ساحلی آبادی کو معیاری تعلیم کی فراہمی کیلئے پاک بحریہ کی کوششوں کی مثال ہے۔

 آخر میں امیرالبحر نے اسکول کی تعمیر،معیاری انفراسٹراکچر اورجدید تعلیم کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے مالی امداد پر حکومت سندھ کا شکریہ ادا کیا۔

استقبالیہ خطاب کے دوران وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ نے ملک میں معیاری تعلیم فراہم کرنے کے لیے پاک بحریہ کی کاوشوں کو سراہا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے اپنے خطاب میں نیول چیف کی جانب سے نوجوان نسل کے لیے کیے گئے اقدامات کو بھی سراہا۔

            تقریب میں ممبران قومی و صوبائی اسمبلی، سیکریٹری ایجوکیشن، سول و ملٹری حکام، اساتذہ اور طلباء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

ساجد خان کراچی کے ابھرتے ہوئے نوجوان صحافی ہیں،جو اردو کرانیکل کے لیے ایوی ایشن،اینٹی نارکوٹکس،کوسٹ گارڈز،میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی،محکمہ موسمیات،شہری اداروں، ایف آئی اے،پاسپورٹ اینڈ امگریشن،سندھ وائلڈ لائف،ماہی گیر تنظیموں،شوبز اور فنون لطیفہ کی سرگرمیاں کور کرتے ہیں۔

Continue Reading
Click to comment

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین