پاکستان

عمران خان کے خلاف سائفر کیس کی آج اٹک جیل میں سماعت،انصاف کا قتل کیا جا رہا ہے، تحریک انصاف

Published

on

عمران خان کے خلاف سائفر کیس کی سماعت آج اٹک جیل میں کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

سائفر کیس کی سماعت کرنے والے جج ابوالحسنات ذوالقرنین ہی اٹک جیل میں سماعت کریں گے۔

وزارت قانون نے منگل کے روز سائفر کیس کی سماعت اٹک جیل میں کرنے کی اجازت دے دی ہے اور خصوصی عدالت اٹک جیل میں لگانے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے منگل کے روز سابق وزیر اعظم عمران خان کی توشہ خانہ کیس میں سزا کی معطلی اور ضمانت پر رہائی کا حکم جاری کیا تھا۔

تاہم اس حکم کے کچھ ہی دیر بعد اسلام آباد کی ایک خصوصی عدالت نے انھیں سائفر گمشدگی کیس میں اٹک جیل ہی میں زیر حراست رکھنے اور 30 اگست (بدھ) کو خصوصی عدالت کے روبرو پیش کرنے کے احکامات جاری کیے تھے۔

تحریک انصاف نے عمران خان کے ٹرائل کی اٹک جیل منتقلی کے حکومتی فیصلے کو یکسر مسترد کردیا ہے۔ پی ٹی آئی نے سپریم کورٹ آف پاکستان سے دستورِ مملکت سے کھلی بغاوت کے فوری نوٹس کی استدعا کردی ہے۔

اپنے اعلامیے میں تحریک انصاف نے کہا کہ ’انسانی حقوق کی مقامی اور عالمی تنظیموں سے بھی اس غیرقانونی، غیرآئینی اور آمرانہ اقدام کے خلاف مؤثر آواز اٹھانے کی اپیل کی جاتی ہے۔‘

ترجمان تحریک انصاف نے کہا کہ دستور ہر شہری کو منصفانہ سماعت (فیئر ٹرائل) کا بنیادی حق دیتا ہے۔ ان کے مطابق توشہ خانہ کی طرح سائفر کیس میں بھی بے انصافی کی بنیاد رکھ دی گئی ہے۔‘

ترجمان کے مطابق ضابطۂ فوجداری کی دفعہ 167 کے تحت عدالت میں پیشی کا بنیادی قانونی تقاضا پورا کیے بغیر چیئرمین عمران خان کا عدالتی ریمانڈ دیا گیا ہے۔

تحریک انصاف کے ترجمان کے مطابق ’اب جیل میں خفیہ ٹرائل کے ذریعے انصاف کے قتل کی نئی روایت قائم کرنے کی شرمناک کوشش کی جارہی ہے۔‘

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین

Exit mobile version