ٹاپ سٹوریز
افغان سرزمین پر سازشیں تیار ہو رہی ہیں، افغانستان مطلوب دہشتگرد ہمارے حوالے کرے، جان اچکزئی
نگران وزیراطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے کہا ہے کہ افغانستان مطلوب دہشت گردوں کو پاکستان کے حوالے کرے، غیر قانونی غیر ملکی افراد کی واپسی کا فیصلہ اٹل ہے،افغان سرزمین پرایک بار پھرپاکستان کیخلاف سازشیں تیار کی جارہی ہیں۔
کوئٹہ میں پریس بریفنگ میں نگران وزیراطلاعات جان اچکزئی نے کہا کہ پاکستان دنیا میں ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے،ہمارے بھائی چارے کوہماری کمزوری نہ سمجھا جائے،غیر قانونی غیر ملکی افراد کی واپسی کا فیصلہ اٹل ہے۔
نگران وزیراطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے کہا کہ افغان سرزمین پرایک بار پھرپاکستان کیخلاف سازشیں تیار کی جارہی ہیں،افغانستان اپنی سرزمین پر موجود دہشت گردوں کیخلاف کارروائی نہیں کررہا،افغانستان میں خانہ جنگی ختم ہوچکی،تارکین وطن کو واپس جانا ہوگا۔
نگران وزیراطلاعات بلوچستان نے کہا کہ افغان حکومت تارکین وطن کی باعزت آبادکاری کو یقینی بنائے،حکومت پاکستان تارکین وطن کو سہولتیں فراہم کررہی ہے،ژوب سے متصل افغان علاقے میں تخریب کاری کا منصوبہ بنایا گیا۔
جان اچکزئی نے کہا کہ انٹیلی جنس اطلاع ہے پاکستان میں تخریب کاری کا منصوبہ بنایا گیا ہے،افغانستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کی تفصیل افغان حکومت سے شیئر کی گئی،بدقسمتی سے افغان حکومت کی طرف سے کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔