Urdu Chronicle

Urdu Chronicle

تازہ ترین

حکمران اتحاد میں اختلافات، پیپلز پارٹی نے مسلم لیگ ن سے تحریری معاہدے کا مطالبہ کردیا

ٹھوس پیش رفت تک اسمبلی میں واپس نہیں آئیں گے، پیپلز پارٹی

Published

on

حکمران اتحاد کی دوسری بڑی جماعت پیپلز پارٹی نے حکومت میں شامل رہنے کے لیے تحریری معاہدے کی شرط رکھ دی۔ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کی قیادت کے درمیان باقاعدہ مشاورتی بیٹھک وزیر اعظم ہاوس میں ہوئی۔

گزشتہ روز وزیراعظم اور بلاول بھٹو زرداری کے درمیان ہونے والی ملاقات میں مذاکراتی کمیٹیوں تک معاملے پر اتفاق ہوا تھا، ذرائع نے بتایا کہ آج کی میٹنگ میں پاور شیئرنگ فارمولا، پی ایس ڈی پی، پنجاب خصوصاً جنوبی پنجاب کے معاملات زیر غور آئے۔

ذرائع نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی کمیٹی میں چیئرمین سینٹ یوسف رضا گیلانی، سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف،پنجاب سے ندیم افضل چن اور علی موسیٰ گیلانی پیپلز پارٹی کمیٹی کا حصہ ہیں، حکومتی کمیٹی میں اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق ، رانا ثنا اللہ، خواجہ آصف شامل ہیں۔کمیٹی میں پنجاب حکومت کی نمائندگی رانا ثنا اللہ اور خواجہ سعد رفیق نے کی۔

مذاکراتی کمیٹیوں نے پنجاب کے انتظامی امور، عہدوں سمیت دیگر معاملات پر بات چیت کی، پنجاب کے ایشوز کے ساتھ سندھ کے ترقیاتی کام خصوصاً سیلاب متاثرہ بحالی علاقوں کی تعمیر و ترقی کا معاملہ زیر غور آیا،پیپلز پارٹی سیلاب متاثرہ علاقوں میں رہائشی مکانات، اسپتال اور اسکولز کی تعمیر کیلئے بھی وفاق سے تعاون کی خواہش مند ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ آج کے مذاکرات میں  پیپلز پارٹی نے مثبت پیش رفت کے لیے تحریری معاہدے کی گارنٹی مانگ لی، بلاول بھٹو زرداری نے کل ہی وزیر اعظم پر واضح کر دیا تھا کہ ٹھوس پیش رفت تک اسمبلی میں واپس نہیں آئیں گے، پیپلز پارٹی کا موقف ہے تحریری طور پر ٹھوس یقین دہانی کے بعد بات آگے بڑھ سکتی ہے۔

ذرائع نے کہا کہ پیپلز پارٹی طے شدہ امور پر ٹھوس پیش رفت تک قومی اسمبلی اجلاس میں علامتی شرکت جاری رکھے گی،آج پی پی مذاکراتی کمیٹی کو بھی واضح گائیڈ لائینز اور ہدایات دے دی گئیں۔

Continue Reading
Click to comment

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین