Urdu Chronicle

Urdu Chronicle

تازہ ترین

ملک دشمنوں کا ہر جگہ تعاقب کیا جائے گا، وزیراعظم کی زیر صدارت سکیورٹی اجلاس میں اتفاق

Published

on

وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت سیکورٹی کی صورتحال پر اعلی سطح کا اجلاس میں چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر بھی شریک ہوئے۔

اعلیٰ سطحی سیکورٹی اجلاس میں چینی باشندوں کی سیکیورٹی یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا جبکہ اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ ملک دشمنوں کا ہر جگہ تعاقب کیا جائے گا۔

اجلاس میں پاکستان میں کام کرنے والے چینی باشندوں کی سیکیورٹی سے متعلق امور پر غور کیا گیا۔وزیرداخلہ محسن نقوی نے گزشتہ روز ہونے والے بشام واقعہ پر بریفنگ دی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں سکیورٹی اداروں کے سربراہان کی جانب سے وزیراعظم کو رپورٹ پیش کی گئی، جس پر وزیراعظم نے ملک بھر میں موجود تمام چینی باشندوں کی فول پروف سکیورٹی کی ہدایت کی۔

وزیراعظم ہاؤس سے جاری کئے گئےاعلامیے میں بتایا گیا کہ اجلاس میں ترقیاتی منصوبے پر کام کرنے والے معصوم شہریوں پر ہونے والے گھناؤنے حملے پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ وزیر اعظم نے حملے کے بے گناہ متاثرین کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کی۔

اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ وحشیانہ فعل کے مرتکب افراد کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

شہباز شریف نے پاکستان اور چین کے عوام کے درمیان بھائی چارے کے پائیدار رشتے پر زور دیا اور کہا کہ پوری قوم چینی جانوں کے ضیاع پر غمزدہ ہے۔

اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مقامی لوگوں نے حملے کا جواب دیا اور کہا کہ حملے سے بہت سی قیمتی جانیں ضائع ہو سکتی تھیں۔

وزیر اعظم کی ریاست کے تمام وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے مکمل مشترکہ تحقیقات کرنے کی ہدایت کردی۔

وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی ایک بین الاقوامی خطرہ ہے، پاکستان کے دشمنوں نے پاکستان کی ترقی روکنے کے لیے دہشت کو ہتھیار بنایا ہے، پاک چین دوستی کو نشانہ بنانے والی کارروائیوں کا مقصد بداعتمادی پیدا کرنا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ اجلاس کے شرکاء نے ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا اظہار کیا۔

آرمی چیف نے اجلاس میں ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے مسلح افواج کے عزم کا اعادہ کیا۔

آرمی چیف نے کہا کہ قوم نے  دو دہائیوں سے ثابت قدمی سے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑی ہے،قوم نے پاکستان کے مخالفین کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا ہے، پاکستان کے دشمنوں نے ایک بار پھر ریاست اور پاکستانی عوام کی لچک اور حوصلہ کو کم سمجھا ہے۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ ہم دہشت گردی سے اس وقت تک لڑیں گے جب تک پاکستان، اس کے عوام اور ان کے مہمانوں پر بری نظر ڈالنے والے ہر دہشت گرد کا خاتمہ نہیں ہو جاتا۔یقینی بنائیں گے کہ پاکستان کی خوشحالی میں کردار ادا کرنے والا ہر غیر ملکی شہری خصوصاً چینی شہری پاکستان میں محفوظ اور محفوظ رہے۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ ہم آخری دم تک دہشت گردی کا مقابلہ اپنی پوری طاقت سے کریں گے۔

اجلاس کے اختتام پر شرکاء نے ریاست کو دستیاب تمام وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے دہشت گردی سے جامع طور پر نمٹنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

Continue Reading
Click to comment

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین