Urdu Chronicle

Urdu Chronicle

تازہ ترین

اسلام آباد میں بلدیاتی الیکشن کے لیے 10 جون تک تاریخ بتائیں، جسٹس محسن اختر کیانی، نئے ریٹس پر پراپرٹی ٹیکس کے نوٹسز معطل

ایک ہفتے کا وقت دے رہا ہوں،وفاقی حکومت اگر الیکشن نہیں کراتی تو میں ان کو دیکھ لوں گا، جسٹس محسن اختر کیانی

Published

on

اسلام آباد ہائی کورٹ نے کیپیٹل ٹیرٹری اسلام آباد میں بلدیاتی الیکشن نہ کرانے کے کیس میں حکومت سے 10 جون تک تاریخ طلب کر لی اور نئے ریٹ پر پراپرٹی ٹیکس نوٹسز بھی معطل کر دیے، عدالت نے ریمارکس دیے کہ لوکل گورنمنٹ کی منظوری کے بعد یہ ٹیکس لگا سکیں گے۔

اسلام آباد میں بلدیاتی لیکشن نہ کرانے کے خلاف درخواست پر جسٹس محسن اختر کیانی نے سماعت کی۔درخواست گزاروں کی جانب سے بیرسٹر عمر اعجاز گیلانی و دیگر وکلا عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے الیکشن کمیشن حکام سے استفسار کیا کہ لوکل گورنمنٹ کے الیکشنز کیوں نہیں ہو رہے؟ الیکشن کمیشن کے حکام نے بتایا کہ حلقہ بندیوں کے حوالے سے شیڈول دیا ہوا ہے۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیے کہ 125 یونین کونسل کی حد تک حلقہ بندیاں ہو چکی ہیں،نئی کی ضرورت نہیں،سپریم کورٹ کا فیصلہ ہے اسلام آباد ہائیکورٹ کا بھی فیصلہ ہے لوکل گورنمنٹ الیکشن کرانے ہیں۔۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیے کہ کیا عمران خان، نواز شریف، شہباز شریف سب کی حکومتیں اس کی ذمہ دار ہیں؟ کسی نے اسلام آباد لوکل گورنمنٹ الیکشن نہیں کرائے۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے الیکشن کمیشن کے وکیل کو ہدایت کی کہ نیشنل اسمبلی کے حلقوں سے یونین کونسل کو مکس نا کریں،ہر دو تین ماہ بعد کیا نئی حلقہ بندیاں ہوں گی؟وفاقی حکومت سے پوچھ کر آئیں اسلام آباد لوکل گورنمنٹ الیکشن کی تاریخ بتا دیں۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ اگر تاریخ نہ دی تو وفاقی حکومت اور الیکشن کمیشن کو بھی توہین عدالت کا نوٹس کروں گا،سی ڈی اے ایم سی آئی کے نام پر سارے شہر کی تباہی پھیر رہا ہے،بغیر لوکل گورنمنٹ آپ نے اربوں کے ٹیکس لگا دئیے۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ اگر لوکل گورنمنٹ الیکشن تاریخ نہیں دیں گے تو چیف الیکشن کمشنر کو بتا دیں وفاقی حکومت کو بھی بتا دیں توہین عدالت نوٹس کروں گا،بغیر کسی اختیار کے سی ڈی اے نے ایم سی آئی کے اربوں روپے کے فنڈز استعمال کر دیے۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل نے عدالت کو بتایا کہ اس حوالے سے دوسری عدالت میں بھی کیس زیر سماعت ہے۔

اس پر محسن اختر کیانی نے کہا کہ کسی دوسری کورٹ کا ذمہ دار نہیں میں اپنی کورٹ کو ذمہ دار ہوں،جو آپ کو سمجھ آتی ہے وہ تاریخ دے دیں ایک ہفتے کا وقت دے رہا ہوں،وفاقی حکومت اگر الیکشن نہیں کراتی تو میں ان کو دیکھ لوں گا۔

Continue Reading
Click to comment

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین