Urdu Chronicle

Urdu Chronicle

ٹاپ سٹوریز

میں نے تمام ظلم سہے لیکن قومی راز فاش نہ کئے، ایک شخص نے اقتدار جانے پر ملک پر حملہ کردیا، نواز شریف

Published

on

مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ میں نے تمام ظلم سہہ کر بھی قومی راز فاش نہیں کئے اور ایک شخص نے اقتدار جاتا دیکھ کر ملک پر حملہ کردیا۔

ہاروں آباد میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ ہارون آباد کے لوگوں نے ہمیشہ مسلم لیگ (ن) کا ساتھ دیا ہے،کئی سال گزرنے کے بعد ہارون آباد میں آپ لوگوں کے ساتھ ہوں،آخری بار 1992 میں ہارون آباد آیا تھا،ہارون آباد کے عوام کے تمام مسائل حل کریں گے،مسلم لیگ (ن) نے ہر دور میں عوام کے مسائل حل کئے ہیں،موقع ملا تو اس بار بھی عوام کی بھرپور خدمت کریں گے، دل چاہتا ہے ہارون آباد والوں کو پیشگی مبارکباد دے دوں، آپ لوگوں نے میرے ساتھیوں کو یہاں سے کامیاب کرانا ہے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ جب میرا دور اقتدار تھا تو اس وقت روٹی کی قیمت 5 روپے تھی،آج لوگوں کو روٹی 20 روپے میں ملتی ہے،پی ٹی آئی حکومت نے لوگوں کو پریشانی اور مہنگائی کے سوا کچھ نہیں دیا، مسلم لیگ (ن) کے دور میں اشیائے  ضروریہ کی فراوانی تھی، اس وقت عوام کو گیس، بجلی سستی ملتی تھی، عوام کو جتنی مشکلات درپیش ہیں ان کا احساس ہے، آج عوام مہنگائی ، بیروزگاری اور اشیائے ضروریہ کے مہنگا ہونے سے پریشان ہیں،لوگوں کو سابق حکومت کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے مہنگا پٹرول خریدنا پڑتا ہے، تبدیلی کے نام پر عوام کے ساتھ انتہائی برا سلوک کیا گیا،میرے دور اقتدار میں جس کا بل ایک ہزار آتا تھا اب 20 ہزار روپے آتا ہے،میرے دور میں چینی 35 روپے کلو تھی آج 150 روپے میں عوام کو مل رہی ہے، کسان میرے عزیز بھائیوں کی طرح ہیں، ان کے مسائل کا بھی احساس ہے، کسانوں سے پوچھیں میرے دور میں ٹریکٹر کتنے کا تھا، آج کتنے کا ہے،میرے دور میں ٹریکٹر 8 لاکھ کا تھا آج 40 لاکھ روپے کا ہوچکا ہے،میرے دور اقتدار میں یوریا 1300 روپے کی تھی آج 5 ہزار روپے میں ملتی ہے،ہمارے دور میں ڈالر 140 روپے کا تھا اب 280 روپے میں لوگوں کو ملتا ہے،سابق حکومت نے اپنے دور میں بجلی کے بل بڑھادیئے تھے،اگر سابق دور حکومت سے میرے دور کا موازنہ کریں تو حقیقت کھل کر سامنے آئے گی۔

نواز شریف نے کہا کہ آج میں سرخرو ہوکر آپ کے سامنے کھڑا ہوں ، اپنے دور اقتدار میں ہم نے آئی ایف ایم کو اللہ حافظ کہا تھا،میرے دور اقتدار میں اسپتالوں میں عوام کو مفت علاج کی سہولت میسر تھی،اس وقت عوام کو ادویات اور تمام ٹیسٹوں کی سہولت مفت حاصل تھی،بیٹے سے تنخواہ نہ لینے کی وجہ سے مجھے جیل میں ڈالا گیا، تمام ظلم سہنے کے باوجود میں نے کوئی قومی راز فاش نہ کیا،ہمارے جو نقصانات ہوئے اس کی تلافی ممکن نہیں،ہم ایٹمی دھماکے کرتے اور یہ شہیدوں کے مجسمے جلاتے ہیں،ہم نے ملک کو ایٹمی طاقت بنایا، انہوں نے ملک کی سلامتی داؤ پر لگادی، جس نے مجھے جیل بھجوانے میں رات دن ایک کیا، آج وہی سلاخوں کے پیچھے ہے،ہم نے قومی سلامتی کو کبھی داؤ پر نہیں لگایا، ہر چیز پر اسے مقدم رکھا،اس شخص کو اقتدار جاتا نظر آیا تو ملک پر حملہ کردیا۔

نواز شریف نے کہا کہ آئی ایم ایف ہمارے دور میں واپس گیا، یہ کشکول لے کر مانگنے گئے،مجھے سزا دے کر تماشا بنایا گیا، ساری زندگی کیلئے نااہل قرار دیا گیا۔

Continue Reading
Click to comment

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین