Urdu Chronicle

Urdu Chronicle

ٹاپ سٹوریز

عمران خان توہین الیکشن کمیشن کیس میں پیش، 2 اگست کو فرد جرم کے لیے حاضری یقینی بنانے کی ہدایت

Published

on

الیکشن کمیشن میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت الیکشن کمیشن کے چار رکنی بینچ نے کی۔

عمران خان کے وکیل شعیب شاہین نے عدالت سے مہلت مانگ لی۔ممبر الیکشن کمیشن نے ریمارکس دیے کہ آج عمران خان پر فرد جرم عائد کرنی ہے۔

جس پر عمران خان کے وکیل شعیب شاہین نے الیکشن کمیشن سے استدعا کی کہ وہ آج پہلی بار پیش ہوئے ہیں اور ان کے پاس ریکارڈ نہیں۔ممبر حیبر پختونخوا نے ریمارکس دیے کہ فائل اور ریکارڈ دینا آپ کی ذمہ داری ہے۔

الیکشن کمیشن نے چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل کی درخواست منظور کرلی۔ الیکشن کمیشن نے فرد جرم عائد کرنے کے لیے عمران حان کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کر دی اور کیس کی سماعت دو اگست تک ملتوی کردی گئی۔

فیصل چوہدری، نعیم پنجوتھہ، علی بخاری سمیت دیگر وکلاء بھی عمران خان کے ہمراہ موجود تھے۔

واضح رہے کہ عمران خان کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر اور ممبران کو میڈیا پر دھمکیاں دینے اور ان کے خلاف توہین آمیز الفاظ استعمال کرنے پر الیکشن کمیشن میں کیس زیر سماعت ہے۔

الیکشن کمیشن نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو 25 جولائی کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔

اس سے قبل الیکشن کمیشن نے گزشتہ روز مقدمے میں عدم پیشی پر اسلام آباد پولیس کو عمران خان کو گرفتار کر کے منگل کی صبح 10 بجے پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔

پولیس الیکشن کمیشن کے وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کے لیے عمران خان کی رہائشگاہ پر گئی تھی اور عمران خان کے وکیل نے وارنٹ گرفتاری وصول کر لیے اور آج الیکشن کمیشن میں عمران خان پیش ہو گئے ہیں۔

Continue Reading
Click to comment

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین