Urdu Chronicle

Urdu Chronicle

ٹاپ سٹوریز

عمران خان کی گرفتاری کے بعد کئی شہروں میں جلاؤ گھیراؤ، گرفتاریوں کے لیے چھاپے، عمر سرفراز چیمہ دھر لیے گئے

Published

on

Healthy Political Resistance or Chaos? Column Aslam Awan

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو منگل (نو مئی) کو قومی احتساب بیورو (نیب) نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتار کیا، جس کے بعد پی ٹی آئی کے کارکنوں نے ملک کے مختلف شہروں میں شدید احتجاج اور توڑ پھوڑ کی۔ نجی و سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے تحریک انصاف کی مقامی قیادت کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے، سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کو اینٹی کرپشن پنجاب نے گرفتار کر لیا۔

عسکری ٹاور نذر آتش، مسلم لیگ ن سیکرٹریٹ پر دھاوا

لاہور میں پی ٹی آئی کے مشتعل مظاہرین نے لبرٹی میں عسکری ٹاور کو نذرِ آتش کر دیا۔ اس ٹاور میں آڈی گاڑیوں کا شو روم بھی موجود ہے جسے آگ لگانے کے بعد مظاہرین گاڑیوں کا سامان ساتھ لے گئے۔ مشتعل مظاہرین نے لاہور میں مسلم لیگ ن کے سیکرٹریٹ پر بھی دھاوا بولا اور توڑ پھوڑ کی۔

پیپلز بس سروس کراچی، بی آر ٹی پشاور کی توڑ پھوڑ

کراچی میں پیپلز بس سروس کی 4 گاڑیوں کو احتجاج آڑ میں نقصان پہنچایا گیا۔ پیپلز بس سروس جزوی طور پر معطل کرنا پڑی۔انتظامیہ پیپلز سروس کے مطابق شہر کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے انتظامیہ بس سروس بحال کرنے کا فیصلہ کرے گی۔بس اسٹاف کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا، گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچایا گیا، ایک گاڑی کی قیمت 8 کروڑ روپے ہےانتظامیہ کے مطابق دو گاڑیوں کو شاہراہ فیصل، ایک ناگن چورنگی، ایک گاڑی کو شاہ فیصل کالونی میں شر پسندوں نے نشانہ بنایا۔

پشاور میں احتجاج کے دوران بس ریپیڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) کی چند بسوں کو نقصان پہنچا۔ترجمان ٹرانس پشاور کے مطابق نگراں وزیر ٹرانسپورٹ نے نقصان کا تخمینہ لگانے کی ہدایت کی ہے۔

ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ املاک اور بسوں کو جلد ٹھیک کرکے واپس آپریشنل کیا جائے گا۔

سوات چکدرہ موٹر وے پر آگ، چترال سکاؤٹس کیمپ میں گھسنے کی کوشش

مشتعل مظاہرین نے سوات چکدرہ موٹروے پر آگ لگائی،سوات موٹروے کوٹریفک کے لیے بند کرنا پڑا۔اس موقع پر ڈیوٹی پر موجود اہلکار بھی وہاں سے چلے گئے تھے تاہم مظاہرین کا احتجاج اس کے بعد بھی جاری رہا۔

سوات چکدرہ موٹروے پر ۤگ لگانے کے بعد مشتعل مظاہرین نے لوئر دیر کے علاقے چکدرہ میں چترال سکاؤٹس کیمپ کے اندر گھسنے کی کوشش کی جس پر چترال سکاؤٹس اور مظاہرین کے درمیان تصادم ہوا ہے جس میں کم از کم 13 مظاہرین زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

کوئٹہ میں پی ٹی آئی کارکن کی ہلاکت، 12 زخمی

کوئٹہ میں تحریک انصاف کا ایک کارکن ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے، کوئٹہ کینٹ کے علاقے میں ایئرپورٹ روڈ پر جمع ہوئی اور کینٹ کے مرکزی گیٹ کے قریب دھرنا دیا۔احتجاج کے دوران پولیس کی بھاری نفری وہاں پہنچی جبکہ پولیس کی جانب سے جیل کی گاڑیاں بھی لائی گئی تھیں۔

پولیس کی جانب سے جب کارکنوں کو گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی تو کارکنوں نے پولیس پرپھتراؤ کیا۔ پولیس کی جانب سے کارکنوں کو منتشر کرنے کے لیے شیلنگ کی گئی جبکہ اس موقع پر فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں۔تحریک انصاف کے مشتعل کارکنوں نے جیل کی ایک گاڑی سمیت دو گاڑیوں کو آگ بھی لگائی۔

بلوچستان کے وزیر داخلہ میرضیا اللہ لانگو نے احتجاج کے دوران ایک شخص کی ہلاکت کی تصدیق کی،تحریک انصاف کے رہنما آصف ترین کا کہنا ہے کہ سکیورٹی اہلکاروں کی فائرنگ اورشیلنگ سے پارٹی کا ایک کارکن ہلاک اور 12 زخمی ہوئے۔سول ہسپتال کوئٹہ میں ایک لاش اور چار زخمیوں کو منتقل کرنے کی تصدیق ہوئی۔

تحریک انصاف کے رہنما آصف ترین نے الزام عائد کیا کہ سکیورٹی اہلکاروں کی مبینہ فائرنگ سے پارٹی کا کارکن ہلاک اور 12 زخمی ہو گئے ہیں تاہم جب سول ہسپتال کوئٹہ کے ایک اہلکار سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ہسپتال میں ایک لاش اور چارزخمیوں کو لایا گیا۔ہلاک ہونے والے کارکن کی شناخت عمرعزیز کے نام سے ہوئی، جن کو پیشانی پر گولی لگی۔

پارٹی لیڈروں کے گھروں پر چھاپے اور گرفتاریاں

احتجاج کے دوران توڑ پھوڑ اور نجی املاک پر حملوں کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مختلف شہروں میں پارٹی رہنماؤں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے۔سیالکوٹ میں پی ٹی آئی رہنما عثمان ڈار کے گھر پر پولیس نے چھاپہ مارا البتہ عثمان ڈار اور عمر ڈار گھر پر نہیں ملے ۔

کراچی کے علاقے ناظم آباد میں پی ٹی آئی رکن سندھ اسمبلی عباس جعفری کے گھر پر بھی پولیس نے چھاپہ مارا، پی ٹی آئی رہنما بھی گھر پر موجود نہیں تھے۔

کوئٹہ میں سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کے بھائی کے گھر پر پولیس نے چھاپہ مارا اور قاسم سوری کے بھائی بلال سوری کو گرفتار کرلیا۔

کوئٹہ میں پی ٹی آئی رہنما اور سابق گورنر سید ظہور آغا کے گھر پر پولیس کی جانب سے چھاپہ مار کر سابق گورنر کے بھائی اور بھتیجوں کو حراست میں لے لیا گیا۔پی ٹی آئی رہنما عبدالباری کے گھر سے بھی 3 افراد کو حراست میں لیا گیا۔

امن و امان کے قیام کے لیے اقدامات

امن و امان کی صورت حال کے پیش نظرنگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے اجلاس طلب کر لیا۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف کی رہائش گاہ جاتی امرا کے گرد کنٹینرز لگا دیے گئے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایات کی ہے کہ شہر میں انتشار پھیلانے اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کی کسی کو اجازت نہ دی جائے۔وزیراعلیٰ نے پولیس وین اور واٹر بورڈ کے سکشن ٹینکر کو نذرآتش کرنے والوں کو گرفتار کرنے کا حکم دیا

Continue Reading
Click to comment

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین