Urdu Chronicle

Urdu Chronicle

تازہ ترین

190 ملین پاؤنڈ کیس میں عمران خان کی ضمانت منظور، رہائی کا حکم

Published

on

اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان کی 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامرفاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے عمران خان کی ضمانت کی درخواست پر گزشتہ روز محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا۔

عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کیس میں عمران خان کی درخواست ضمانت 10 لاکھ کے مچلکوں کے عوض منظور کرلی اور بانی چیئرمین پی ٹی آئی کو رہا کرنے کا حکم بھی دے دیا۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری نے تحریری فیصلہ جاری کردیا۔

تحریری فیصلے کے مطابق 190 ملین پاونڈز ریفرنس میں نیب نے اعتراف کیا کہ تحقیقات مکمل ہیں، ملزم کو قید میں رکھنے کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا، نیب پراسیکیوٹر نے خدشہ ظاہر کیا کہ بانی پی ٹی آئی سیاسی شخصیت ہیں۔

فیصلے میں کہا گیا کہ نیب پراسیکیوٹر کے مطابق بانی پی ٹی آئی ریکارڈ ٹمپرنگ یا ٹرائل پر اثرانداز ہونے کی کوشش کر سکتے ہیں، نیب کے ان تحفظات کے حوالے سے ریکارڈ پر کوئی چیز موجود نہیں ہے، بانی پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت بعد از گرفتاری کی منظور کی جاتی ہے، بانی پی ٹی آئی 10 لاکھ روپے کے مچلکے ٹرائل کورٹ میں جمع کرائیں۔

عدالتی فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ ریفرنس کے حوالے سے عدالتی آبزرویشنز عبوری نوعیت کی ہیں، ٹرائل پر اثرانداز نہیں ہوں گی۔

190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں ضمانت کے باوجود عمران خان جیل میں ہی رہیں گے کیونکہ سائفر اور عدت میں نکاح کے کیسز اب بھی بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی رہائی میں رکاوٹ ہیں۔

قبل ازیں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے 25 مئی 2022 کی ہنگامہ آرائی کے 2 کیسز میں سابق وزیراعظم عمران خان کو بری کردیا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز فریقین کی جانب سے دلائل مکمل ہونے کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری پر مشتمل بینچ نے بانی چیئرمین کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

 

Continue Reading
Click to comment

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین