پاکستان
سمندری طوفان،بدین، میرپورخاص میں شدید بارشیں،کراچی میں 60 سے 80 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سےآندھی متوقع
ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز نے کہا ہے کہ آئندہ دو سے تین روز میں سمندری طوفان کی شدت میں کمی کا امکان نہیں، بدین، تھرپارکر،میرپورخاص میں شدید بارشیں ہوں گی کراچی میں طوفانی ہوائیں چلیں گی اور بارش کا بھی امکان ہے۔
سردار سرفراز نے اردو کرانیکل سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ سمندری طوفان کا رخ شمال، شمال مغرب کی جانب ہے،سمندری طوفان کراچی کے جنوب سے 470 کلو میٹر کی دوری پر ہے اور گزشتہ 72 گھنٹے سے سمندری طوفان نارتھ کی جانب بڑھ رہا ہے۔
سردار سرفراز نے بتایا کہ بدین، تھرپارکر، میرپور خاص میں شدید بارشیں ہوں گی، متعلقہ اضلاع میں آندھی بھی چلنے کاامکان ہے،کراچی میں 60 سے80 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل سکتی ہیں،سمندری طوفان کے باعث کراچی میں بھی بارش کاامکان ہے۔
ڈائریکٹر محکمہ موسمیات نے بتایا کہ سمندری طوفان میں اگلے 2 سے 3 روز میں کمی نہیں ہوگی،سمندری طوفان کے حوالےسے گزشتہ کئی روز سے میٹنگز ہورہی ہیں، ساحلی علاقوں کے لوگوں کو طوفان سے بچانے کیلئے ہدایات دی جارہی ہیں۔