Urdu Chronicle

Urdu Chronicle

ٹاپ سٹوریز

اسحاق ڈار آمدن سے زائد اثاثہ جات کے مقدمہ سے بری

Published

on

احتساب عدالت اسلام آباد نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو آمدن سے زائد اثاثہ جات کے کیس سے بری کر دیا،احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے محفوظ فیصلہ سنا دیا۔

اس سے پہلے نیب کے پراسیکیوٹر نے تحریری طور پر عدالت کو آگاہ کیا کہ اسحاق ڈار کےخلاف کرپشن کے کوئی ثبوت نہیں اس لیے کیس کو آگے نہیں چلانا چاہتے۔اسحاق ڈار سمیت دیگر ملزمان کی بریت پر اعتراض نہیں۔

نیب پراسکیوٹر افضل قریشی نے تحریری جواب میں کہا کہ ہم نے میرٹ پر دلائل دیے ہیں، عدالت فیصلہ سنا دے۔

یاد رہے کہ اسحاق ڈار کے خلاف یہ ریفرنس سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد احتساب عدالت کو دوبارہ بھجوایا گیا تھا۔

ستمبر 2017 میں احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے ایک کیس میں اسحاق ڈار پر فرد جرم عائد کی تھی جس کے چند روز بعد اسحاق ڈار پہلے سعودی عرب روانہ ہوئے اور وہاں سے علاج کے لیے برطانیہ چلے گئے۔

ان کی عدم موجودگی میں نومبر 2017 میں احتساب عدالت نے اُن کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کیے اور انھیں ‘مفرور‘ قرار دے دیا۔ احتساب عدالت نے اُن کی منقولہ و غیر منقولہ جائیداد کی نیلامی کا بھی حکم دیا تھا۔

پچھلے سال جون میں اسحاق ڈار نے وطن واپسی پر ضمانت حاصل کی تھی اور پھر کیس ہی بند کردیا گیا۔

اسحاق ڈار کا موقف ہے کہ اُن پر جو جعلی کیس بنایا گیا اس کی کوئی بنیاد نہیں۔  ان کا کہنا ہے کہ یہ میرے ٹیکس ریٹرن پر بنایا گیا۔ میں ایسا شخص ہیں جو ٹیکس ریٹرن جمع کرانے میں کبھی تاخیر نہیں کرتا۔

نیب کے ڈپٹی پراسیکیوٹر عمران قریشی کی جانب سے احتساب عدالت میں پیش کی جانے والی فہرست کے مطابق اسحاق ڈار اور ان کی اہلیہ کے پاکستان میں اثاثوں کی تفصیلات درج ذیل ہیں۔

پلاٹس اور گھر

لاہور کے علاقے گلبرگ تھری میں رہائش، اسحاق ڈار کی ملکیت

لاہور میں الفلاح ہاؤسنگ سوسائٹی میں تین پلاٹ، اسحاق ڈار، ان کی اہلیہ اور بیٹے کی ملکیت۔

موضع بھبتیاں میں ایک پلاٹ، اسحاق ڈار کی اہلیہ کی ملکیت

اسلام آباد میں موضع ملوٹ میں چھ ایکڑ زمین، اسحاق ڈار اور ان کی اہلیہ کی ملکیت

پارلیمنٹیرینز انکلیو میں دو کنال کا پلاٹ، اسحاق ڈار کی ملکیت

اسلام آباد میں سینیٹ کوآپریٹیو ہاؤسنگ سوسائٹی میں ایک پلاٹ، اسحاق ڈار کی ملکیت

ایاز بلڈرز پرائیویٹ لمیٹڈ کے دو پلاٹ، اسحاق ڈار کی ملکیت

گاڑیاں

چھ گاڑیوں میں 2004 ، 2014 اور 1999 ماڈل کی لینڈ کروزر

2004 ماڈل کی ٹویوٹا کرولا

اور 1998 اور 2008 ماڈل کی دو مرسیڈیز بینز شامل ہیں۔

نیب کی دستاویزات میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اسحاق ڈار اور ان کی اہلیہ کی ہجویری ہولڈنگ کمپنی میں 34 لاکھ 53 ہزار اور سوئی ناردرن گیس پائپ لائن لمیٹڈ میں 2700 روپے سرمایہ کاری ہے۔

Continue Reading
Click to comment

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین