ٹاپ سٹوریز
اسلام آباد: شدید بارش، دیوار گرنے سے 11 افراد ہلاک، تعداد بڑھنے کا خدشہ، نالہ لئی بپھر گیا، فوج طلب
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں شدید بارش کے دوران پشاور روڈ پر گولڑہ موڑ کے قریب سو میٹر اونچی دیوار گرنے سے 11 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
یہ واقعہ قائد اعظم ہسپتال اور زیرِ تعمیر انڈر پاس کے قریب ہوا۔ اطلاعات کے مطابق مزدور خیمہ لگا کر سو رہے تھے، بارش کے دوران دیوار ان کے اوپر گِر گئی۔
ریسکیو 1122 کے حکام نے ایک بیان میں کہا ہے کہ حادثے کے بعد امدادی ٹیموں نے گیارہ لاشیں نکال لی ہیں اور مزید لاشوں کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
ریسکیو حکام نے ملبے سے پانچ زخمیوں کو زندہ نکالا ہے مگر مزید اموات کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
راولپنڈی میں طوفانی بارش کے بعد نالہ لئی میں پانی کی سطح خطرناک حد سے تجاوز کر گئی ہے اور صورتحال سے نمٹنے کے لیے پاکستانی فوج کے دستے متاثرہ علاقوں میں پہنچ گئے ہیں۔
مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق کمشنر راولپنڈی کی ہدایت پر کٹاریاں اور گوالمنڈی سے شہریوں کا انخلا شروع کر دیا گیا ہے۔
کمشنر راولپنڈی کا کہنا ہے کہ ’رین ایمرجنسی‘ کے پیش نظر پاکستانی فوج کے دستوں کو نالہ لئی پر تعینات کر دیا گیا ہے اور وہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے انتظامیہ کے ہمراہ موجود رہیں گے۔
راولپنڈی، اسلا م آباد اور مضافات میں تیز بارش سے نشیبی علاقے زیرآب آگئے ہیں۔راولپنڈی کے علاقے شمس آباد میں 175،اسلام آباد بوکڑہ میں 109 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
راولپنڈی کی جاوید کالونی،اعوان کالونی،آریہ محلہ،ندیم کالونی کے گھروں میں پانی داخل ہو گیا ہے،فلڈ کنٹرول روم کے مطابق نشیبی علاقوں سے انخلا کا الرٹ جاری کردیا گیا۔
راولپنڈی میں نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پر پانی کی سطح 15 فٹ تک بلند ہے،گوالمنڈی کے مقام پر پانی کی سطح 12 فٹ بلند ہوگئی، فلڈ وارننگ سینٹر نے نالہ لئی کے اطراف خالی کرنے کے اعلانات شروع کر دیئے ہیں۔نالہ لئی میں بڑا سیلابی ریلہ دریائے سواں کی جانب رواں دواں ہے،دریائے سواں میں بھی پانی کی سطح بلند ہونے لگی۔