پاکستان
جماعت اسلامی کراچی نے 11 ویں جماعت کے نتائج منسوخ کرنے کا مطالبہ کردیا
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے گیارہویں جماعت کے نتائج منسوخ کرنے کا مطالبہ کر دیا اور الزام لگایا کہ ایک مافیا پرائیویٹ بورڈ کو فائدہ پہنچانا چاہتا ہے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ انٹر کے امتحانات کے حوالے سے جو کمیٹی بنائی گئی تھی، اس کی فائنڈنگ ٹھیک تھیں، لیکن صرف ایک آدمی کو معطل کیا لیکن سب کی نشاندھی ہونی چاہیے تھی ۔
جماعت اسلامی کراچی کے امیر نے کہا کہ محنت کرنے والے طلباء کے رزلٹ خراب کیے گئے، ہزاروں طلباء و طالبات کا حق مارا گیا ہے، طلباء کو گریس مارکس دینا ناانصافی ہے۔ نتائج منسوخ کر کے تمام طلباء کو بارہویں جماعت میں بٹھایا جائے۔
حافظ نعیم نے کہا کہ بارہویں کے نتائج کی بنیاد پر گیارہویں جماعت کے نمبر دیے جائیں، جو بھی اس میں ملوث ہو ان کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے۔
مئیر کراچی سے متعلق حافظ نعیم نے کہا کہ میئر کراچی پبلک پرائیویٹ کی بات کرتے ہیں، پسندیدہ لوگوں کوٹھیکے دینا چاہتے ہیں، کونسل کے اجلاس میں ایسی قرار دادیں بھی پیش کی جارہی ہیں، مافیا پرائیویٹ بورڈ کو فائدہ پہنچانا چاہتے ہیں۔