Urdu Chronicle

Urdu Chronicle

ٹاپ سٹوریز

جڑانوالہ: قرآن پاک کی مبینہ بیحرمتی پر مشتعل مظاہرین نے گرجا گھر جلادیا، اسسٹنٹ کمشنر دفتر کا گھیراؤ

Published

on

فیصل آباد کی تحصیل جڑانوالہ میں قرآن کی مبینہ بے حرمتی کے واقعے کے بعد مشتعل مظاہرین نے ایک گرجا گھر کو نذرِ آتش کر دیا، سرکاری عمارتوں اور کرسچین کالونی میں توڑ پھوڑ بھی کی گئی۔

پولیس کی جانب سے مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے دو افراد کے خلاف توہین رسالت اور قرآن کی بے حرمتی سے متعلق دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

اے سی جڑانوالہ شوکت مسیح نے بتایا کہ صبح آٹھ سے نو بجے کے درمیان ہمیں جڑانوالا کے محلے عیسیٰ نگری میں مشتعل مظاہرین کی جانب سے احتجاج اور آگ لگائے جانے کی اطلاع ملی تھی۔ اس وقت صورتحال کو کنٹرول کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔اصل واقعہ کیا ہے اس بارے میں ابھی مکمل تفصیلات موصول نہیں ہوئی ہیں

اے سی جڑانوالہ  نے مزید بتایا کہ مشتعل مظاہرین نے ہاتھوں میں ڈنڈے اٹھا رکھے ہیں اور ایسے ہی ایک گروہ کی جانب سے اے سی جڑانوالہ کے دفتر پر بھی حملہ کیا گیا۔

ایک اہلکار نے بتایا کہ ’باہر کیا ہو رہا ہے ہمیں نہیں معلوم لیکن ہم اپنے دفتر میں بند ہیں۔ مظاہرین نے ہمارے دفتر کی کھڑکیاں اور شیشے توڑے ہیں۔‘

بشپ آزاد مارشل نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ جب میں یہ لکھ رہا ہوں تو میرے الفاظ میرا ساتھ نہیں دے رہے۔ ہم بشپ، پادری اور عام افراد کو جڑانوالہ میں ہونے والے واقعے سے شدید تکلیف ہوئی ہے۔

جب میں یہ پیغام لکھ رہا ہوں تو ایک گرجا گھر کی عمارت کو نذرِ آتش کیا جا رہا ہے۔

انھوں نے دعویٰ کیا کہ ’اس دوران انجیل کی جلدوں بے حرمتی کی گئی ہے اور مسیحی افراد کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے اور ان پر قراآن کی بے حرمتی کرنے کا جھوٹا الزام عائد کیا گیا ہے۔‘

ان کی جانب سے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مدد کی اپیل بھی کی گئی ہے۔

Continue Reading
Click to comment

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین