پاکستان
کراچی: نجی کمپنی کے ملازم نے ساتھی لڑکی کو قتل کر کے خودکشی کر لی
کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں نوجوان نے دفتر کی ساتھی لڑکی کو فائرنگ کرکے قتل کرنے کے بعد خود کشی کرلی ، واقعہ نارتھ ناظم آباد بلاک ایل میں واقع نجی کمپنی کے دفتر کی پہلی منزل پر پیش آیا جہاں 25 سالہ برہان نے اپنی کولیگ 20 سالہ فضا کو مبینہ طور پر فائرنگ کرکے قتل کردیا اور گرائونڈ فلور پر آکر خود کو بھی گولی مار کر ہلاک کرلیا۔
مقتولہ فضا کو دو گولیاں لگیں، فائرنگ سے دونوں افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے، واقعے کی اطلاع پر پولیس اور کرائم سین یونٹ کا عملہ موقع پر پہنچا اور جائے وقوع سے شواہد اکھٹے کرکے دونوں لاشوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا۔
پولیس نے جائے واردات سے نائن ایم ایم پستول برآمد کیا، آفس منیجر کے مطابق ہلاک ہونے والے دونوں افراد تقریبا چھ ماہ سے اس دفتر میں ملازمت کررہے تھے، آج برہان دفتر سے آدھے گھنٹے کی چھٹی لے کر باہر گیا اور واپس آکر لڑکی پر فائرنگ کردی، منیجر کے مطابق دونوں کے درمیان آفس میں کبھی کوئی جھگڑا نہیں ہوا نا ہی کوئی شکایت ملی، پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کررہی ہے ۔