معاشرہ
کراچی: لانڈھی کی مجید کالونی میں بچوں کی لڑائی پر گولیاں چل گئیں، 5 زخمی
کراچی میں لانڈھی کے علاقے مجید کالونی میں بچوں کی لڑائی پر گولیاں چل گئیں۔
آپسی جھگڑے میں فائرنگ سے 2 افراد جبکہ ڈنڈوں کے وار سے 3 افراد زخمی ہوگئے، زخمی ہونے والوں کو ریسکیو رضاکاروں نے ایمبولینس کے ذریعے جناح ہسپتال منتقل کیا۔
فائرنگ سے زخمی ہونے والوں کی شناخت 25 سالہ عرفان اور 22 سالہ حبیب کے ناموں سے ہوئی، ڈنڈوں کے وار سے زخمی ہونے والوں میں ایک کی شناخت زوبیر کے نام سے ہوئی۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری علاقے میں پہنچ گئی اور صورتحال پر قابو پایا، تاہم آخری اطلاعات تک علاقے میں صورتحال کشیدہ ہے اور پولیس کی نفری علاقے میں موجود ہے۔