Urdu Chronicle

Urdu Chronicle

تازہ ترین

لارڈز ٹیسٹ، انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کو ایک اننگز اور 114 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے دی

Published

on

انگلینڈ کرکٹ ٹیم نے ویسٹ انڈیز کو لارڈز ٹیسٹ میں ایک اننگز اور 114 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی، ویسٹ انڈیز کی بیٹنگ لائن دوسری اننگز میں بھی ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم محض 47 اوورز میں صرف 136 رنز پر آئوٹ ہوگئی، انگلش ٹیم نے پہلی اننگز میں 371 رنز بنا کر 250 رنز کی برتری حاصل کر رکھی تھی، اپنا الوداعی ٹیسٹ کھیلنے والے انگلش فاسٹ بائولر جیمز اینڈرسن نے میچ میں 4 وکٹیں حاصل کیں ، ڈیبیو ٹیسٹ میچ کھیلنے والے انگلش فاسٹ بائولر ایٹکنسن کو مجموعی طور پر 12 وکٹیں حاصل کرنے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

جمعہ کے روز لارڈز ٹیسٹ کے تیسرے روز ویسٹ انڈیز نے گزشتہ روز 79 رنز 6 کھلاڑی آئوٹ پر اپنی دوسری اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تاہم وہ زیادہ دیر تک اپنی وکٹیں نہ بچا سکی اور پوری ٹیم 136 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور اسے ایک اننگز اور 114 رنز کی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اپنا ڈیبیو ٹیسٹ کھیلنے والے انگلش فاسٹ بائولر گاس ایٹکنسن نے دوسری اننگز میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کیں جبکہ اپنا الوداعی ٹیسٹ کھیلنے والے تجربہ کار فاسٹ بائولر جیمز اینڈرسن نے تین اہم وکٹیں حاصل کیں۔ گاس ایٹکنسن کو شاندار پرفارمنس پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم پہلی اننگز میں 121 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی تھی ۔ انگلش فاسٹ بائولر گاس ایٹکنسن نے پہلی اننگز میں 45 رنز دے کر 7 وکٹیں حاصل کیں ۔ انگلینڈ نے اس کے جواب میں پہلی اننگز میں 371 رنز بنا کر مجموعی طور پر 250 رنز کی برتری حاصل کرکے میچ اپنی گرفت میں کرلیا۔ اس میچ میں فتح کے بعد انگلینڈ کو تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔

Continue Reading
Click to comment

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین