Urdu Chronicle

Urdu Chronicle

ٹیکنالوجی

ٹویٹر کے مقابلے میں میٹا کا مائیکروبلاگنگ پلیٹ فارم تھریڈز لانچ کرنے کا اعلان، جمعرات سےایپل سٹور پر دستیابی متوقع

Published

on

فیس بک کمپنی میٹا نے ٹویٹر کے مقابلے میں مائیکروبلاگنگ ایپ تھریڈز کے نام سے بنانے کا اعلان کیا ہے۔ میٹا کا یہ اعلان ٹویٹر کے مالک ایلون مسک کی جانب سے ٹویٹر پر صارفین کے لیے پوسٹس کی تعداد محدود کرنے کے اقدام کے بعد سامنے آیا ہے۔

تھریڈ جمعرات کو لانچ کئے جانے کی توقع ہے اور تھریڈز پر فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام کے فالوور کو برقرار رکھنے کی اجازت ہوگی۔ تھریڈز پر یوزر نیم بھی انسٹاگرام والا رکھنے کی سہولت ہوگی۔ اس بات کا انکشاف ایپل سٹور کے لیے لسٹنگ سےہوا۔

تھریڈز کے اجرا سے ٹویٹر کو براہ راست چیلنج کا سامنا ہے، جو 2022 میں ایلون مسک کی ملکیت میں جانے کے بعد سے کئی تنازعات کا شکار ہے۔

ایلون مسک نے پچھلے ہفتے ٹویٹر صارفین کے لیے کئی نئے اقدامات کااعلان کیا تھا جن میں یومیہ بنیادوں پر پوسٹس پڑھنے کی تعداد محدود کرنے پر ٹویٹر صارفین نے احتجاج بھی کیا۔

ٹویٹر ایلون مسک کی ملکیت میں جانے کے بعد ٹویٹر کے متبادل مائیکروبلاگنگ سائٹس ، ماسٹوڈون اور بلیو سکائی کے صارفین کی تعداد بڑھی لیکن اب تک وہ ٹویٹر کے لیے حقیقی خطرہ ثابت نہیں ہو سکے۔

انسٹا گرام کئی نئے فیچرز متعارف کرانے سے ایک کامیاب پلیٹ فارم بن چکا ہے اور 2016 میں انسٹا پر سٹوریز کا فیچر متعارف کرایا گیا جو سنیپ چیٹ کی بڑھتی مقبولیت کا توڑ تھا۔

حال ہی میں میٹا نے ریلز کا فیچر متعارف کرایا جو شارٹ ویڈیو پلیٹ فارم ٹک ٹاک کی بڑھتی مقبولیت روکنے کے لیے تھا۔

میٹا کا نیا سوشل میڈیا اور مائیکرو بلاگنگ پلیٹ فارم تھریڈز حقیقت میں ٹویٹر کے لیے خطرہ بن سکتا ہے، ٹویٹر خریدنے کے بعد سے ٹویٹر کے ساتھ ساتھ ایلون مسک خود بھی کئی تنازعات کا شکار ہو چکے ہیں۔

ایلون مسک نے ٹویٹر خریدنے کے بعد 80 فیصد سٹاف کو فارغ کیا تھا اور کئی معطل اکاؤنٹس بحال کئے تھے، جن میں سابق صدر ٹرمپ کے علاوہ نیوز سائٹ ببلون بی کا اکاؤنٹ بھی شامل تھا۔

بہت سے ایڈورٹائزر ٹویٹر پر نقصان دہ مواد کی شکایت کر کے ٹویٹر کے ساتھ کام بند کر چکے ہیں۔ اس پلیٹ فارم کو بت زیادہ سرگرم صارفین بھی دلچسپی کھو رہے ہیں۔

تھریڈز کو گوگل سٹور پر بھی لانچ کیا جا رہا ہے یا نہیں؟ میٹا نے ابھی تک اس کی وضاحت نہیں کی۔

Continue Reading
Click to comment

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین