ٹاپ سٹوریز
میاں صاحب راہ فرار نہ اختیار کریں، مناظرے کے لیے تاریخ اور شہر بتائیں، بلاول کا شہباز شریف کو جواب
چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے معائنے اور مناظرے کے چیلنج پر شہباز شریف کو ٹویٹر پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ میں مناظرے اور معائنے کے لئے تیار ہوں، میاں صاحب راہ فرار اختیار نہ کریں، براہ کرم بتائیں کہ کس شہر میں اور کس تاریخ کو مباحثہ کرنا ہے۔
اپنے ٹوئیٹ میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میاں نواز شریف مجھ سے خیرپور گمبٹ میں مناظرہ کرلیں جہاں کا اسپتال پنجاب کے کسی بھی اسپتال سے بہتر ہے،گمبٹ اسپتال میں علاج بالکل مفت ہے اور میاں صاحب نے تین بار وزیراعظم بننے کے باوجود بھی گمبٹ کا دورہ نہیں کیا۔
بلاول نے مزید کہا کہ نواز شریف تھرپارکر آکر مناظرہ کرلیں، وہاں کے انفرا اسٹرکچر کا معائنہ بھی ہوجائے گا اور چولستان سے تھر کا موازنہ بھی ہوجائے گا۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ تھر میں کوئلے کے منصوبے جس کی نواز شریف اور شہباز شریف مخالفت کرتے تھے، کراچی نہیں بلکہ فیصل آباد کو سستی بجلی فراہم کررہا ہے،میاں صاحب کراچی کے این آئی سی وی ڈی کے باہر مباحثہ کرلیں جہاں گزشتہ برس پنجاب کے 84,390 افراد کا علاج ہوا۔
چئیرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ این آئی سی وی ڈی میں اہلیان پنجاب کا علاج اس بات کا ثبوت ہے کہ پنجاب کے اسپتالوں میں علاج کی سندھ جیسی سہولیات موجود نہیں ہیں،میاں صاحب راہ فرار اختیار نہ کریں، براہ کرم بتائیں کہ کس شہر میں اور کس تاریخ کو مباحثہ کرنا ہے۔