Urdu Chronicle

Urdu Chronicle

ٹاپ سٹوریز

نیب نے زرداری، گیلانی، شاہد خاقان اور اسحاق ڈار سمیت درجنوں کرپشن ریفرنسز دوبارہ کھول دئیے

Published

on

نیب ترامیم کالعدم قرار دیے جانے کے بعد نیب نے اربوں روپے مالیت کے 81 کرپشن ریفرنسز دوبارہ کھول دیے ہیں۔ نیب نے اسلام آباد میں واقع احتساب عدالت میں 81 کرپشن ریفرنسز دوبارہ کھولنے کی درخواست دائر کردی ہے۔

یہ درخواست چیئرمین نیب کی طرف سے احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کی عدالت میں دائر کی گئی ہے۔

سابق صدر آصف علی زرداری، سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور سابق وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کے خلاف کیسز کھولنے کی درخواست دائر کی گئی۔ شاہد خاقان عباسی، مفتاح اسماعیل کے خلاف کرپشن ریفرنس کھولنے کی درخواست بھی دائر کر دی گئی ہے۔

اسحاق ڈار کے خلاف کرپشن ریفرنس بھی دوبارہ کھولنے کی درخواست کر دی گئی ہے۔

انسداد بدعنوانی کے ادارے نے سپریم کورٹ کے فیصلے کی ایک کاپی منسلک کی جس میں پبلک آفس ہولڈرز کے خلاف ان مقدمات کو دوبارہ کھولنے کا کہا گیا تھا جو ترامیم کے ذریعے بند کر دیے گئے تھے۔

چیف جسٹس کی حیثیت سے اپنے آخری روز جسٹس (ر) عمر عطا بندیال نے ترمیم شدہ قانون کے تحت احتساب عدالتوں کے تمام فیصلوں کو کالعدم قرار دیا۔

اس فیصلے کا اعلان 15 ستمبر کو کیا گیا تھا اور اس کے نتیجے میں بہت سارے سیاستدانوں کے خلاف احتساب کے تمام مقدمات بحال ہو جائیں گے۔

یہ مقدمہ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے 2022 میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی حکومت کے دور میں پارلیمنٹ سے منظور کی گئی ترمیم کے خلاف دائر کی گئی درخواست پر مبنی تھا۔ یہ فیصلہ کل 53 سماعتوں کے بعد سنایا گیا۔

نیب ترامیم نے بیورو کے کرپشن کی تحقیقات کے اختیارات کو صرف کم از کم 500 ملین روپے کے کیسز تک محدود کر دیا تھا۔ قانون نے بیورو کے چیئرمین کی مدت ملازمت میں بھی کمی کی تھی اور حکم دیا تھا کہ زیر التوا انکوائریوں کو متعلقہ حکام کو منتقل کیا جائے۔

خان نے درخواست میں کہا تھا کہ یہ ترامیم بدعنوانی کو قانونی حیثیت دینے اور ’بااثر‘ شخصیات کو فائدہ پہنچانے کے لیے لائی گئی تھیں۔

Continue Reading
Click to comment

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین