Urdu Chronicle

Urdu Chronicle

ٹاپ سٹوریز

روس سے تیل کی درآمد پر کوئی تعزیر مقرر نہیں کی، توانائی کی درآمد کا انتخاب پاکستان کا حق ہے، امریکا

Published

on

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا ہے کہ ہم جمہوری اصولوں اور قانون کی حکمرانی کے احترام کے لیے پاکستانی حکام پر زور دیتے ہیں۔

پاکستان میں عام شہریوں پر فوجی عدالتوں میں مقدمات چلانے کے بارے میں سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ ہم ان خبروں سے آگاہ ہیں کہ نو مئی کے احتجاج میں حصہ لینے کے الزامات کے تحت سویلینز پرفوجی عدالتوں میں مقدمے چلائے جائیں گے،ماضی کی طرح ہم پاکستانی حکام پر مسلسل زور دیتے ہیں کہ وہ پاکستانی آئین میں سب کے لیےدئیے  گئے جمہوری اصولوں اور قانون کی حکمرانی کا احترام کریں۔

میتھیو ملر نے کہا کہ ہم پاکستانی عہدیداروں کے ساتھ اعلیٰ سطح پر باقاعدگی کے ساتھ انسانی حقوق، جمہوریت، تحفظ، صحافیوں کی حفاظت اور قانون کی حکمرانی پر زور دیتے ہیں جو امریکہ کے لیے اولین ترجیح ہے۔

پاکستان میں روسی تیل کی درآمد اورچینی کرنسی میں ادائیگی کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں ترجمان نے کہا کہ ہم واضح طور پر کہہ چکے ہیں کہ ہر ملک کو اپنی ضروریات اور حالات کے مطابق توانائی کی درآمد کا انتخاب کرنا ہوگا۔ لیکن چونکہ آپ نے ایک خاص چیز کے بارے میں پوچھا ہے تو ہمارا خیال ہے کہ روسی تیل مارکیٹ سے بہت کم قیمت پر فروخت ہو رہا ہے۔ یہ علامت ہے کہ امریکہ نے اپنے اتحادیوں اور شراکت داروں کے ساتھ مل کر روسی تیل کی قیمت پر جو حد مقرر کی تھی اس نے روسی تیل کی قیمت مارکیٹ میں بہت کم کردی اور ہمارا اندازہ ہے کہ اس سے روسی حکومت 100 ارب ڈالر کے ریونیو سے محروم ہو گئی ہے جو یوکرین کی جنگ میں استعمال کیا جاتا۔

امریکی میڈیا کے مطابق پاکستان کے امریکہ میں سفیر مسعود خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں روسی تیل کی درآمد امریکی منظوری سے کی گئی، امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا کہ وہ پرائیویٹ سفارتی گفتگو کے بارے میں بات نہیں کریں گے تاہم انہوں نے کہا  کہ ہم اپنے اتحادیوں اور شراکت داروں کے ساتھ روسی تیل کی فروخت کے اثرات کم کرنے کے بارے میں بات کرتے ہیں اور امریکہ نے روسی توانائی کی دیگر ملکوں کو برآمد پر کوئی تعزیریں عائد نہیں کیں۔

Continue Reading
Click to comment

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین