Urdu Chronicle

Urdu Chronicle

تازہ ترین

آپریشن قلب ماہیت

Published

on

ہماری ریاستی مقتدرہ نے پچھلی چار دہائیوں سے پروآن چڑھتی انتہا پسندی،مہیب دہشتگردی اور تیزی سے بڑھتے ہوئے ذہنی و سماجی انتشار پہ قابو پا کر معاشرے کی تطہیر اور مملکت کے نظم و ضبط کو بحال کرنے کی خاطر”آپریشن عزم استحکام “کے نام سے جس مساعی کی شروعات کا فیصلہ کیا، وہ ماضی قریب میں کئے جانے والے آپریشنز کے تلخ تجربات ، گہرے ابہام اور معاشرے و ریاست کے مابین باہمی اعتماد کے فقدان کی وجہ سے ابتداء ہی میں تنازعات کا شکار ہو گیا۔تاہم ارباب اختیار کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ متذکرہ آپریشن ماضی کی طرح صرف سکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشتگردوں کے تعاقب تک محدود نہیں ہو گا بلکہ یہ ایک ایسی مربوط مساعی ہو گی جس میں ملک کے تمام ادارے،مقننہ،انتظامیہ،عدلیہ، فوج،ایف سی ،پولیس،ایف آئی اے، ڈسٹرک ایڈمنسٹریشن اور سوسائٹی کے فعال طبقات جیسے شاعر، ادیب،صحافی،ناول نگار،ڈرامہ نویس،فلم ساز اورگلوکاروں کو بھی سماج کی مجموعی ٹرانسفارمیشن کے لئے فعال کردار ادا کرنے پہ مائل کیا جائے گا،گویا یہ فرد کے تزکیہ سے لیکر معاشرے کے اجتماعی روّیوں کو از سر نو مدون کرنے کی ہمہ گیر مشق ہو گی جو زندگی کی جزئیات سے لیکر حیات اجتماعی کے مرکزی دھارے کو ریگولیٹ کرنے کی کوشش کرے گی۔

اگر اس سکیم کے حوالہ سے ہماری تفہیم درست ہے تو پھر یہ طویل مگر ہمہ جہت مساعی، سماجی اور فکری آزادیوں کے بغیر بارآور نہیں ہو پائے گی کیونکہ وسیع کوآرڈینیشن کرداروں کی مکمل آزادی کی متقاضی ہوتی ہے تاکہ انہیں اپنی صلاحیتوں کے بھر پور مظاہرے کی ترغیب ملے اور بتدریج وہ اعلیٰ سطح کے فیصلہ سازوں کی توقعات کے ساتھ اچھی طرح ہم آہنگ رہ سکیں۔ بلاشبہ کوآرڈینیشن انسانی وسائل کے بہترین استعمال کا معیاری طریقہ ہے۔ تاہم مقصد کے حصول سے قبل جس قسم کی اورینٹیشن اور مینوپُلیشن کی ضرورت تھی وہ ابھی تک نظر نہیں آتی ،سمعی اور بصری معلومات کو مربوط کرنے کے لیے جس نوع کے ابلاغی نظام کی صلاحیت درکار تھی وہ بھی مفقود ہے کیونکہ مربوط مساعی ایک مشترکہ تنظیمی مقصد کے حصول کے لیے بہت سے افراد یا محکموں کو اکٹھا کرنے کا وہ نظام ہے جو ایسی سرگرمیوں کے انضمام سے پیدا ہوتا ہے جو اہداف و مقصد کے حصول کے لیے تنظیم کے وسائل( مادی اور انسانی)کا زیادہ موثر استعمال یقینی بنا سکے۔

اسی طرح مینوپولیشن کی مہارت سے مراد ایک مشترکہ مقصد حاصل کرنے کے لیے سرگرمیوں، وسائل اور معاشرے کو منظم اور ہم آہنگ رکھنے کی لچک اور تال میل ہے۔بنیادی طور پر، ہم آہنگی ان تنظیموں کے درمیان مشترکہ طاقت کے استعمال کی مہارت کو کہتے ہیں جو اجتماعی مقاصد کے حصول کے لیے مل کر کام کرتی ہیں۔اچھی ہم آہنگی کو تین اہم عناصر میں تقسیم کیا جا سکتا ہے، وقت، آگاہی اور سلیقہ(Manipulation)۔جس طرح ایک ماہر جرنیل اپنی جنگی صلاحیت کا درست ادراک رکھنے کے علاوہ دشمن کی قوت کا صحیح اندازہ لگانے کے بعد ہمیشہ مرضی کے وقت اور اپنی پسند کے میدان میں جنگ لڑنے کو ترجیح دیتا ہے۔

کیا ہماری ریاستی ہرارکی بھی اسی مہارت اور شعور کے ساتھ ہمہ جہت اجتماعی مہمات کی طرف قدم بڑھا رہی ہے؟ اگر ایسا ہی ہے تو پھر سب سے پہلے، مضبوط سیاسی عزم کی ضرورت پڑے گی، جس کی تکمیل اعلیٰ سطح سیاسی قیادت کر سکتی ہے، جو آپریشن کی ملکیت لیکر وسیع البنیاد ادارہ جاتی ہم آہنگی اور رائے عامہ کی تلویث یقینی بنائے گی۔دوسرا پالیسی امور میں متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے نقطہ نظر کو شامل کرنا پالیسی سازوں کو اس قابل بنائے گا کہ وہ ضرورتوں، ترجیحات اور مفادات کے وسیع مجموعے کو مربوط رکھ سکیں ۔ اس سے اس بات کو یقینی بنانے میں بھی مدد ملتی ہے کہ پالیسی سازوں کے پاس وہ ڈیٹا اور معلومات موجود ہیں جن کی انہیں فیصلے کرنے کے لئے ضرورت تھی۔

تیسرا، مختلف اسٹیک ہولڈرز کے درمیان مؤثر کوارڈینشن، حکومت کے اندر ریاستی اور غیر ریاستی اداکاروں کے درمیان، مختلف شعبوں اور مختلف سطحوں پر فنانسنگ پالیسیوں کے ڈیزائن اور نفاذ میں ہم آہنگی کو زیادہ موثر ،خطرات کو کم اور نئے خطرے کی تخلیق سے بچاتی ہے۔ جس طرح افراد اور عوامل جو ان کاموں کی تکمیل میں تعاون دیتے ہیں ہر خطہ میں مختلف ہوتے ہیں(بلوچ، پشتون،سندھی،پنجابی)،اسی طرح حکمرانی کی اقدار بھی، معاشرے کی تاریخ، روایات اور سیاست میں گہرائی سے جڑے ہوتے ہیں،انہیں پیش نظر رکھنا از بس لازم ہو گا ۔ ہم آہنگی چونکہ تغیرپذیر عمل ہے جو وقت کے ساتھ خواہشات کی مناسب سطح کو بھی بدلتی رہتی ہے ۔چنانچہ اس تناظر میں یہ متذکرہ بالا تین کلیدی افعال ہم آہنگی کو فعال رکھیں گے لیکن عزائم کی مناسب سطح کا انحصار ملک کے حالات، وسائل اور صلاحیتوں پر ہوگا۔

لاریب ،ابلاغیات ایسی طاقتور سائنس ہے جو زندگی کے دھارے کو متلاطم رکھتی ہے،سیاہ فام دانشور مالکم ایکس نے کہا تھا ” اگر آپ ہوشیار نہیں تو میڈیا تمہیں مظلوم سے نفرت اور ظالموں سے محبت کرنا سیکھا دے گا ” ،نپولین کہتے تھے، اگر بوربان خاندان نے آلات تحریر پہ قابو پا لیا ہوتا تو ان کی حکومت تادیر قائم رہتی۔ اس کی ایک اور کلاسیکی مثال امریکہ کے اصل زمین زادوں ریڈ انڈین کی نسل کشی کے دوران سفید فاموں کی پروپگنڈہ مہمات تھیں جس میں اخباری خبریں،مضامین اور ناولز کے علاوہ دنیا کو ایسی مسحور کن فلمیں اور ڈرامے دیکھائے گئے جس میں اپنی بقاءکے لئے مزاحمت کرنے والے مظلوم ریڈانڈین کو وحشی اور انسانیت کا دشمن دیکھایا جاتا اور جارحیت کا ارتکاب کرنے والے سفیدفاموں کو تہذیب و تمدن اور نور علم کا حامل نجات دہندہ ثابت کیا جاتا تھا ۔

بسا اوقات ایسے عوامل کو فطری انداز میں مثبت مقاصد کے لئے بھی بروئے کار لایا جا سکتا ہے جیسے یورپ میں نشاة ثانیہ اور اصلاح کی تحریکوں کے دوران شاعروں، ادیبوں، دانشوروں اور گلوکاروں نے پورے سماج کی کایا پلٹ دی، جرمنی میں ہیگل کی جدلیات،نطشے کی قوت آفروزی، شوپنہار کے ارادے،فرانس میں والٹیئر کی مذہبی جمود کے خلاف توانا تحریروں،واگنر اور بیتھون کے گداز نغمات اور جنیوا میں بیٹھے روسو کی فطرت کے ساتھ ہمنوائی کی تحریکات نے یورپ کو جہالت،فرقہ پرستی اورشہنشاہیت اور پاپائیت کے گٹھ جوڑ سے نجات دلائی ۔ ہندوستانی مسلمانوں کی روح پہ چھائے غلامی کے جمود کو تحلیل کرنے کی خاطر علامہ اقبالؒ نے بھی شاعری سے مدد مانگی تھی ۔

قصہ کوتاہ اگر اجتماعی زندگی کے دھارے کو فعال و منظم بنانا ہے تو اس میں شاعروں اور ادیبوں کے رشحات قلم کے علاوہ فلم سازوں، ڈرامہ نوسیسوں ، موسیقی کاروں،گلوکاروں اور سماجی سائنسدانوں کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانا پڑے گا، ڈاکٹر جمیل جالبی نے کہا تھا کہ جس معاشرے میں ادب اور فنون لطیفہ ختم ہوجاتے ہیں وہ معاشرہ اندر سے مر جاتا ہے، بدقسمتی سے ہمارے مغربی خیرخواہوں نے اپنے عالمی مفادات کے لئے یہاں پُرتشدد مذہبی عوامل کے لئے گنجائش پیدا کرنے کی سکیم کے تحت ہمارے لئے ایسے رجحانات کو ڈائزئن کیا جس نے شاعروں، ادیبوں،فنکاروں، موسیقی اور گلوکاری کی بیخ کنی کے ذریعے معاشرے کی فطری لچک کند کرکے ہمیں نفرتوں اور تعصبات کی آگ میں جھونک دیا۔

شاعری طلسماتی قوت کی حامل ہوتی ہے،1962 میں ایوبی آمریت کے کلائمکس پر جب ساری سیاسی قوتیں دب چکی تھیں اس وقت حبیب جالب کی صرف ایک نظم ”ایسے دستور کو ، صبح بے نور کو، میں نہیں مانتا، میں نہیں مانتا “ نے ایوب کے مسلط کردہ 1962 کے آئین کو اڑا کے رکھ دیا تھا۔پھر 1965 کی جنگ میں نورجہاں کے رزمیہ نغمات نے ایسا سماں باندھا کے پوری قوم فوج کے پیچھے سیسہ پلائی دیوار بنکر کھڑی ہو گئی،موسیقیت کی غنائیت اور اثرپذیری دیکھئے کہ ملک علی ملکو کے ” ناک دا کوکا ڈھٹھا رتوکا“ جیسے فضول سے گیت نے وہ کام کر دیکھایا جو عمران بیس سالہ جدجہد اور پی ٹی آئی کا پورا سوشل میڈیا نہ کر سکا، ملکو کے گیت نے عمران خان کو لوگوں کی روح کے اندر اتار دیا۔

1969 میں عام پاکستانی مسلمانوں کو فلسطینیوں پہ اسرائیلی مظالم کی داستانیں سنانے اور فلسطینوں کی جدوجہد کے مفاہیم سمجھانے میں فلم ساز ریاض شاہد کی فلم” زرقا‘ نے جو اثر دیکھا وہ ناقابل فراموش ہے،یہ فلم صرف کراچی میں 102 ہفتے چل کر ڈائمنڈ جوبلی ایوارڈ پا گئی،ریاض شاہد کو اسی کی پاداش میں زندگی سے ہاتھ دھونا پڑے لیکن اس فلم کے دلخراش مناظر اور پُرسواز نغمات کی بازگشت آج بھی ہمارے قلب و روح گونجتی سنائی دیتی ہے۔

ملک محمد اسلم اعوان سینئر صحافی اور کالم نگار ہیں، افغانستان میں امریکا کی طویل جنگ کی گراؤنڈ رپورٹنگ کی، قومی سیاسی امور، معیشت اور بین الاقوامی تعلقات پر لکھتے ہیں، افغانستان میں امریکی کی جنگ کے حوالے سے کتاب جنگ دہشتگردی، تہذیب و ثقافت اور سیاست، کے مصنف ہیں۔

Continue Reading
Click to comment

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین