تازہ ترین
غزوہ ہند سے متعلق فتوے پر دارالعلوم دیوبند کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا حکم
بھارت کے نیشنل کمیشن فار پروٹیکشن آف چائلڈ رائٹس (این سی پی سی آر) نے مرکزی دارالعلوم دیوبند کے ایکل فتویٰ پرحکومت اتر پردیش کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ سہارنپور میں واقع ایک اسلامی تعلیمی مرکز دارالعلوم دیوبند کے خلاف ایف آئی آر درج کرے۔
فتویٰ ’غزوہ ہند‘ کی توثیق کرتا ہے اور مبینہ طور پر ’’ہندوستان کے حملے کے تناظر میں شہادت‘‘ کی تعریف کرتا ہے۔
انڈین میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بچوں کے حقوق کے پینل نے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اور سہارنپور کے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کو خط لکھ کر فتویٰ کے بارے میں ضروری کارروائی کی درخواست کی ہے۔ خط میں کمیشن نے کہا کہ یہ فتویٰ بچوں کو اپنے ہی ملک کے خلاف نفرت سے روشناس کر رہا ہے اور آخرکار انہیں غیر ضروری ذہنی یا جسمانی تکلیف پہنچا رہا ہے۔
این سی پی سی آر کے چیئرپرسن پرینک کانونگو نے جووینائل جسٹس ایکٹ 2015 کی دفعہ 75 کی مبینہ خلاف ورزی پر روشنی ڈالی۔
این سی پی سی آر کی ہدایت کے بعد سہارنپور کے ضلع مجسٹریٹ نے فتویٰ کے سلسلے میں ضروری کارروائی کا حکم دیا۔ ضلع مجسٹریٹ نے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کو خط لکھا اور دیوبند کے سب ڈویژنل مجسٹریٹ (SDM) اور چیف ڈیولپمنٹ آفیسر (CDO) کو فوری کارروائی کرنے کی ہدایت دی۔
ایس ڈی ایم، سی ڈی او اور ان کی ٹیم نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا ہے اور جلد ہی ادارہ اسلامی کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
ضلع مجسٹریٹ دنیش چندر سنگھ نے تصدیق کی کہ انہیں این سی پی سی آر کی طرف سے ایک خط موصول ہوا ہے جس میں انہیں دارالعلوم کے جاری کردہ فتویٰ کے بارے میں کارروائی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور اس کے مطابق پولیس کے سینئر سپرنٹنڈنٹ کو ہدایت دی گئی ہے۔ ایس ڈی ایم دیوبند اور سی ڈی او دیوبند کی ٹیم جائے وقوعہ پر گئی ہے اور ہدایت پر جانچ کر کے کارروائی کی جائے گی۔
-
کھیل1 سال ago
ورلڈ کپ میں ٹیم کی بدترین کارکردگی، سری لنکا نے اپنا کرکٹ بورڈ برطرف کردیا
-
کھیل1 سال ago
کم عمر لڑکی کی سیکس ویڈیو بنانے اور شیئر کرنے پر ریئل میڈرڈ کے 3 کھلاڑی گرفتار
-
تازہ ترین8 مہینے ago
چیئرمین پی سی بی دو طرفہ سیریز پر بات کرنے آئرلینڈ پہنچ گئے
-
پاکستان7 مہینے ago
مریم نواز سے گورنر پنجاب کی ملاقات،صوبے کی ترقی کے لیے اہم امور پر تبادلہ خیال
-
ٹاپ سٹوریز1 سال ago
آئی ایم ایف بورڈ سے معاہدہ منظور،1.2 ارب ڈالر کا فوری اجرا ممکن، باقی رقم دو سہ ماہی جائزوں سے مشروط
-
کالم2 سال ago
اسلام میں عبادت کا تصور
-
ٹاپ سٹوریز7 مہینے ago
اسحاق ڈار سے امریکی سفیر کی ملاقات، سکیورٹی اور اقتصادی تعاون سمیت دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال
-
تازہ ترین9 مہینے ago
پی سی بی نے انٹرنیشنل ٹیموں کے قیام کے لیے عمارت خرید لی
Masood Ahmed Ansari
فروری 22, 2024 at 7:38 شام
دارالعلوم دیوبند کو نوٹس کیوں؟
از: شکیل رشید ایڈیٹر ممبئی اردو نیوز
____________
درالعلوم دیوبند کو ایک فتویٰ پر نوٹس دیاگیا ہے ۔ نوٹس کا دینا اور دارالعلوم دیوبند تو ایک بہانہ ہے اصل میں ساری مسلم قوم ، اس کے ادارے اور اس کےآثار نشانے پر ہیں ۔ اور ذرا ذرا سی بات پر نوٹس ، پولس ، کارروائی ،تلاشیاں ، سروے اور نہ جانے کیا کیا نہیں کیا جارہا ہے ! جس فتوے پر دارالعلوم دیوبند کو نوٹس جاری کیاگیا ہے وہ پرانا ہے ! کوئی ایک دو یا تین سال نہیں پندرہ سال پُرانا فتویٰ ! فتویٰ ’ غزوۂ ہند‘ سے متعلق ہے۔ صحاح ستہ کی کتاب ’ سنن النسائی‘ کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا گیا ہے کہ ’ غزوۂ ہند‘ میں مرنے والے عظیم قربانیاں دینے والے ہوں گے ۔‘
مذکورہ حدیث حضرت ابوہریرہ ؓ سے مروی ہے۔ اس فتویٰ پر ’ نیشنل کمیشن فارپروٹیکشن آف چائلدرائٹس‘ یعنی بچوں کے حقوق کے تحفظ کے قومی کمیشن نے سہارنپور کی انتظامیہ کو کارروائی کی تحریری ہدایت دی ہے ۔ الزام ہے کہ دارالعلوم دیوبند بچوں کو ملک مخالف تعلیم دے رہا ہے ۔ یہ ایک ایسا الزام ہے جس پر سوائے ہنسنے کے اور کچھ نہیں کیا جاسکتا ۔ دارالعلوم دیوبند کی پوری تاریخ لوگوں کے سامنے ہے ، چاہے جنگِ آزادی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کا معاملہ رہا ہو یا ملک کو تقسیم سے محفوظ رکھنے کی کوششیں رہی ہوں ، دارالعلوم دیوبند کے علماء اور فضلا پیش پیش رہے ہیں۔ یہ حضرت مولانا حسین احمد مدنی ؒ کی کوششیں ہی تھیں کہ مغربی اترپردیش سے بٹوارے میں مسلمان اجڑے نہیں، انہوں نے بڑھ چڑھ کر لوگوں کو سمجھایا کہ بٹوارے کے بعد حالات کیسے اور کس طرح سے ابتر ہوسکتے ہیں ۔ یہ ایک تاریخی واقعہ ہے کہ مسلم یونیورسٹی علی گڑھ میں انہیں اور مولانا ابوالکلام آزاد کو تقسیم اور بٹوارے کے خلاف بولتے وقت تنگ کیا گیا ۔ حضرت مدنی ؒ دارالعلوم دیوبند ہی کے شیخ الحدیث تھے اور اب اسی دارالعلوم دیوبندپر الزام لگایا جارہا ہے کہ وہ بچوں کو ملک مخالف تعلیم دے رہا ہے ! اس الزام کو بڑھا چڑھا کر پیش کرنے میں وہ بھگوا دھاری عناصر آگے آگے ہیں جن کے اجداد انگریزوں کے سامنے سرجھکائے کھڑے رہتے تھے ، جو انگیریزوں کی غلامی کو ملک کی آزادی سے بہتر سمجھتے تھے ۔ حکم نامہ سخت کارروائی کا ہے ۔ کیا مطلب ہے سخت کارروائی کا؟کیا دارالعلوم دیوبند پر تالا لگانا ہے ؟ خیر یہ ایک خواب ہے جو کبھی بھی شرمندۂ تعبیر نہیں ہوسکے گا ، لیکن اس بہانے دارالعلوم دیوبند علماء اور فضلائے کرام اور سارے مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز مہم تیز کی جائے گی اور ان پر دہشت گردی کو فروغ دینے کے الزامات عائد کیے جائیں گے ، بہت ممکن ہے کہ کہا جائے احادیث کی کتابیں پڑھانا بند کردیا جائے ۔ تو کیا یہ سب قبول ہوگا؟
یاد رہے کہ یہ مہم ایک دارالعلوم دیوبندکو ہی نہیں تمام مدارس کو اپنی لپیٹ میں لے لے گی ، اور تمام مسلمانوں کے مدرسے اس سے متاثر ہوں گے ۔ مدرسوں کے ذمے داران کو چوکنا رہنے کی ضرورت ہے ، اور دارالعلوم دیوبند کے نوٹس کے خلاف متحد ہونے کی ضرورت ہے ۔ یہ سوال دریافت کیا جانا ضروری ہے کہ بھلا پندرہ سال پرانے کسی فتویٰ کو کھوج کرسامنے لانے اور اس کی بنیاد پر نوٹس دینے کی ایسی کیا ضرورت پیش آگئی؟ سوال یہ بھی کیا جانا چاہیے کہ کیا گذشتہ پندرہ سالوں کے دوران دارالعلوم دیوبند کے کسی فارغ کو ملک مخالف سرگرمیوں میں ملوث پایا گیاہے ؟ یقیناً اس سوال کا جواب نفی میں ہوگا، لیکن ملک کے دوسرے اداروں سے فارغ نہ جانے کتنے لوگ ملک بیچنے کے الزام میں پکڑے گئے ہیں یا فرار ہیں، ان کے خلاف کارروائی کیوں نہیں کی جاتی؟