ٹاپ سٹوریز
شیل پاکستان کے 77.42 فیصد شیئرز کی خریداری کے لیے پاکستان ریفائنری اور ایئرلنک کمیونیکیشنز نے پیشکش جمع کرادی
پاکستان ریفائنری لمیٹڈ ( پی آر ایل) اور ایئر لنک کمیونیکشنز نے شیل پاکستان کے 77.42 فیصد شیئرز خریدنے اور اس کے مکمل کنٹرول کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔
اس بات کا انکشاف بروکریج ہاؤس نیکسٹ کیپیٹل لمیٹڈ کی جانب سے پاکستان سٹاک ایکسچینج میں پیر کے رو جمع کرائے گئے نوٹس میں ہوا ہے، نیکسٹ کیپیٹل لمیٹڈ اس پیشکش کے لیے مینجر مقرر ہوا ہے۔
پاکستان سٹاک ایکسچینج میں جمع کرائے گئے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ نیکسٹ کیپٹل لمیٹڈ ( اس پیشکش کا مینجر) نے 17 جولائی 2023 کو پاکستان ریفائنری لمیٹڈ اور ایئرلنک کمیونیکیشنز کے ایما پر سکیورٹیز ایکٹ 2015 اور لسٹڈ کمپنیز ریگولیشنز 2017 کے تحت شیل پاکستان لمیٹڈ کے 77.42 فیصد شیر خریدنے کے لیے پبلک اناؤسمنٹ آف انٹینشن جمع کرایا ہے۔
پس منظر
پچھلے ماہ شیل پاکستان لمیٹڈ نے اعلان کیا تھا کہ اس کی بنیادی کمپنی شیل پٹرولیم کمپنی لمیٹڈ نے ایس پی ایل میں تمام شیئرز فروخت کرنے کے ارادے سے آگاہ کیا ہے۔
شیل پاکستان لمیٹڈ نے کہا تھا کہ اس پیشرفت سے اس کے حالیہ بزنس آپریشن متاثر نہیں ہوں گے اور جاری رہیں گے۔
شیل پاکستان کی طرف سے اعلان میں یہ نہیں بتایا گیا تھا کہ شیل پٹرولیم کمپنی لمیٹڈ کے ایس پی ایل میں شیئرز کی تعداد کیا ہے تاہم 31 دسمبر 2022 کی سالانہ رپورٹ کے مطابق شیل پٹرولیم کمپنی لمیٹڈ کے ایس پی ایل میں 77.42 فیصد ( 165.7 ملین شیئرز سے کچھ زیادہ) شیئرز ہیں۔
شیل پاکستان لمیٹڈ برطانیہ کی شیل پٹرولیم کمپنی لمیٹڈ کا ذیلی ادارہ ہے اور شیل پٹرولیم کمپنی لمیٹڈ ہالینڈ کی رائل ڈچ شیل کا ذیلی ادارہ ہے، جو دنیا کی بڑی پیٹروکیمیکل کمپنیوں میں سے ایک ہے۔
کمپنی پیٹرولیم مصنوعات اور کمپریسڈ قدرتی گیس کی مارکیٹنگ کرتی ہے، اور مختلف قسم کے لبری کینٹ آئل کی مارکیٹنگ بھی کرتی ہے۔
مئی میں شیل پاکستان لمیٹڈ نے 2023 کی پہلی سہ ماہی کے لیے اپنی مالی کارکردگی کا اعلان کیا، جو ملک میں جاری معاشی بحران سے شدید متاثر ہوا تھا۔
مالی سال 2023 کی پہلی سہ ماہی میں کمپنی نے دو ارب ٹیکس ادائیگی کے 4.6 ارب نقصان ظاہر کیا تھا۔
یہ نقصان روپے کی قدر میں غیر معمولی کمی، بڑھتی ہوئی مہنگائی اور معاشی غیر یقینی صورتحال کی وجہ سے ہوا۔