تازہ ترین
وہیل چیئر کرکٹ ٹیم کی پی سی بی آمد، محسن نقوی نے 15 لاکھ کا چیک دیا
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی خصوصی دعوت پر وہیل چیئرکرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے قذافی سٹیڈیم کا دورہ کیا، چئیرمین پی سی بی محسن نقوی نے کھلاڑیوں کو ایشین چیمپئن شپ جیتنے پر مبارکباد دی اور کارکردگی کو سراہا۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی اور 15 لاکھ روپے کا چیک دیا، چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے وہیل چیئر کرکٹ ٹیم کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ وہیل چیئر کرکٹ ٹیم کی کامیابیوں پر دلی خوشی ہوئی ہے۔ پی سی بی وہیل چیئرکرکٹ ٹیم کی سپورٹ جاری رکھے گا، امید ہے کہ وہیل چیئرکرکٹ ٹیم آئندہ بھی ٹورنامنٹس جیت کر پاکستان کا نام روشن کرے گی۔
وہیل چیئرکرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے قذافی سٹیڈیم بلا کر حوصلہ افزائی کرنے پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے ملاقات کرنے والوں میں وہیل چیئر کرکٹ کونسل کی چیئرپرسن رخسانہ راجپوت، وہیل چیئر کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد ذیشان، نائب کپتان عمران ارائیں، بیٹسمین سید ارسلان احمد، وکٹ کیپر بیٹر معظم نواز اور باؤلر محمد فیاض شامل تھے۔
چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی سلمان نصیر، ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ عبداللہ خرم نیازی، سینیئر جنرل مینجر ڈومیسٹک کرکٹ جنید ضیا اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
پاکستانی وہیل چیئر کرکٹ ٹیم نے نیپال میں ہونے والے فائنل میں سری لنکا کو ہرا کر ایشین چیمپئن شپ جیتی تھی۔