Urdu Chronicle

Urdu Chronicle

تازہ ترین

پشاور: رکن اسمبلی نے زبردستی گرڈ سٹیشن میں داخل ہو کر فیڈرز آن کرا دیے

Published

on

خیبرپختونخوا میں حکومتی جماعت کے رکن اسمبلی فضل الہیٰ نے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاج کی قیادت کرتے ہوئے گرڈ اسٹیشن رحمان بابا کا کنٹرول سنبھال لیا۔ فضل الہیٰ پی ٹی آئی کارکنان کے ہمراہ گرڈ اسٹیشن میں داخل ہوئے اور متعدد فیڈرز آن کرا دیے۔

ایم پی اے فضل الہیٰ کے ساتھ پی ٹی آئی کارکن بھی رحمان بابا گرڈ اسٹیشن پہنچے تو گرڈ اسٹیشن پر پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی جس نے ایم پی اے اور کارکنوں کو اندر داخل ہونے سے روک دیا۔

پولیس کی جانب سے روکے جانے کے بعد فضل الہیٰ نے کہا کہ اندر داخل ہونے کی ضرورت نہیں، تمام فیڈرز کی بجلی شروع کردی گئی ہے، لیکن صرف فیڈرز کی بجلی شروع کرنے پر واپس نہیں جائیں گے۔

لیکن کچھ دیر بعد وہ گرڈ اسٹیشن میں داخل ہوگئے۔

انہوں نے کہا کہ جب تک تحریری طور پر یقین دہانی نہیں کرائی جاتی یہاں موجود رہیں گے، بجلی ہمارا حق ہے اور اپنا حق چھین کر لیں گے۔

گرڈ اسٹیشن میں داخل ہونے کے بعد فضل الہیٰ اور پیسکو حکام کے درمیان مذاکرات ہوئے جو کامیاب ہوگئے اور حکام نے بجلی لوڈشیڈنگ میں کمی کی یقین دہانی کرادی۔

کامیاب مذاکرات کے بعد مظاہرین واپس روانہ ہوگئے۔

جاتے جاتے فضل الہیٰ نے بتایا کہ پیسکو حکام نے ہمارے مطالبات مان لئے ہیں اور یقین دہانی کرائی کہ لوڈشیڈنگ میں کمی ہوگی،اب اگر زیادہ لوڈشیڈنگ کی تو ہم پھر آئیں گے۔

گزشتہ روز فضل الہیٰ نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا تھا کہ صبح 9 بجے گرڈ اسٹیشن رحمان بابا کا بٹن میرے پاس ہوگا، لوڈ شیڈنگ کا شیڈول کل میں جاری کروں گا۔

فضل الہیٰ نے کہا کہ جس حلقے کی جتنی لوڈشیڈنگ بنتی ہے اس کے مطابق بجلی فراہم کریں گے، ہمارے وزیراعلیٰ نے اعلان کیا تھا کہ وہ صوبے کا حق چھینیں گے ہم ساتھ ہیں۔

پیسکو کا کہنا ہے کہ ایم پی اے فضل الہیٰ نے مظاہرین کے ہمراہ پیسکو رحمان بابا گرڈ اسٹیشن کا گھیراؤ کیا، گرڈ اسٹیشن میں داخل ہوئے اور زبردستی فیڈرز چالو کرائے۔

پیسکو کے مطابق مظاہرین نے زبردستی نو فیڈرز چالو کرائے جو ہائی لاس فیڈرز میں شمار ہوتے ہیں، آن کرائے گئے فیڈرز میں ہزار خوانی، یکاتوت، اخون آباد، نیو چمکنی، سوڑیزئی بالا، شالوذان اور قلندرآباد شامل ہیں ۔

پیسکو کا کہنا ہے کہ مذکورہ فیڈرز پر بجلی چوری اور واجبات کی عدم ادائیگی کی وجہ سے لاسز 80 فیصد سے زائد ہیں، پیسکو کی جانب سے مذکورہ فیڈرز پر لاسز کم کرنے کیلئے آپریشن جاری ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما امیر مقام کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت عوامی مینڈیٹ کی توہین کررہی ہے، کبھی کہتے ہیں واپڈا ہاؤس پر قبضہ کریں گے، کبھی کہتے ہیں اسلام آباد پر چڑھائی کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ڈیم اور گرڈ اسٹیشن کسی کی ذاتی ملکیت نہیں، دھمکی آمیز ہتھکنڈوں سے عوام کو کب تک دھوکا دیں گے۔

امیر مقام نے کہا کہ خیبرپختونخوا کا بجٹ شیخ چلی کے مفروضوں کے مترادف ہے، سیاست کے لیے صوبے سے مذاق کیا جارہا ہے۔

Continue Reading
Click to comment

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین