پاکستان
پیرمحل: سکول وین اور ٹریکٹر ٹرالی کی ٹکر، 4 بچے ہلاک
پیرمحل شورکوٹ روڈ پر سکول وین اور ٹریکٹر ٹرالی کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں 4 بچے جاں بحق ہوگئے۔
پیرمحل شورکوٹ روڈ ایم تھری موٹر وے کے قریب صبح سویرے انتہائی افسوسناک حادثہ پیش آیا، حادثہ بچوں سے بھری سکول وین اور ٹریکٹر ٹرالی کے درمیان پیش آیا۔
حادثہ میں نجی سکولوں کے چار بچے جن میں حسنہ شاہد 22سال،احمد آصف عمر 13 سال جو کہ پانچ بہنوں کا اکلوتا بھائی تھا، معاذ عدیل عمر 5 سال،احمد رمضان عمر 11 سال جاں بحق ہوئے۔
جبکہ حادثہ میں زخمی ہونے والے بچے حاشر عاطف عمر 5 سال،حسنین طارق عمر 14 سال،عدنان اسلم ڈرائیور کو مخدوش حالت میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ٹوبہ ٹیک سنگھ ریفر کر دیا گیا ہے۔
7 معمولی زخمی بچوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق گاڑی ڈرائیورعدنان اسلم کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے جس کو الائیڈ ہسپتال فیصل آباد منتقل کیا جا رہا ہے۔
جاں بحق ہونے والے چار بچوں کی جن کا تعلق نواحی گاؤں 341 گ ب ننگلاں سے ہے۔ بچوں کی میتیں گاؤں پہنچتے ہی کہرام مچ گیا۔
افسوناک واقعہ پرعلاقہ کہ فضا سوگوار ہوگئی۔