پاکستان

پی ایس ایل 9: لاہور میں ٹریفک مسائل بڑھ گئے، شہری گھنٹوں سڑکوں پر خوار

Published

on

پی ایس ایل 9لاہور کے شہریوں کے لئے زحمت بن گیا،لاہوریئے گھنٹوں ٹریفک میں پھنسے رہے، ٹریفک پولیس ٹریفک کنٹرول کرنے میں بری طرح ناکام ہو گئی۔

ٹریفک پولیس سڑکوں پر خاموش تماشائی کی طرح کھڑی نظر آرہی ہے،دوسری جانب لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے پی ایس ایل کے شروع ہوتے ہی سٹیڈیم کے گرد و نواح اور ٹیموں کی گزرگاہ کے قریب کی سڑکوں کی کھدائی کرکے لوگوں کو مزید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے، ڈیوس روڈ پر مرمت کا کام جاری ہے۔

مال روڈ گورنر ہاؤس سے کلمہ چوک جانے کیلئے شہریں کو کم از کم 40 منٹ انتظار کرنا پڑتا ہے، اسی طرح ڈیوس روڈ کو مسلم لیگ ہائوس سے بند کر ڈائیورژن کر دی گئی ہے اور نہر کی جانب بھیجا جا رہا ہے۔

نہر سے مال تک واپسی کا راستہ شدید رش کیوجہ سے کم از کم ایک گھنٹے کا وقت لے رہا ہے، یہاں پر موجود ٹریفک عملہ بھی خاموش نظر آرہا ہے، اسی طرح ٹریفک پولیس کی جانب سے چلائی جانے والی راستہ ایپ کی موجودگی بھی شہریوں کے کسی کام نہیں آرہی۔

شہریوں کی بڑی تعداد کا کہنا تھا کہ ایسا پی ایس ایل کروانا ہی نہیں چاہئے،اس سے فائدہ پی سی بی کو شاید ہوتا ہو مگر عوام کو تو نقصان ہی اٹھانا پڑتا ہے۔

ٹریفک کی بندش کی کئی مقامات پر لوگوں کی گاڑیاں پیٹرول کی کمی کے باعث بند ہو گئیں اور لوگوں کو شدید مشکلات کا سامانا کرنا پڑا۔ کئی شہریوں نے اس موقع پر لوگوں کی مدد کی اور ان کی گاڑیوں کو کسی طرح پیٹرول پمپس تک پہنچایا۔

اس حوالے سے ٹریفک پولیس کا موقف جاننے کے لئے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ جب بھی ٹیموں کی موومنٹ ہوتی ہے ٹریفک کے مسائل پیدا ہوتے ہیں،کوشش ہوتی ہے کہ ٹریفک کم سے کم جام ہو، مگر کیا کیا جا سکتا ہے۔رابطہ ایپ سمیت تمام چینل بروئے کار لا رہے ہیں تاہم سڑکوں کی خرابی کی ذمہ داری سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ پر عائد ہوتی ہے، ہم درخواست ہی کر سکتے ہیں کہ سڑکوں کو مرمت جلد از جلد کر کے کھولا جائے، رش کم ہونے کی تاحال کوئی توقع نہیں، ہم لوگ اپنا کام جاری رکھیں گے چاہے پی ایس ایل ہو یا طوفان آئے۔

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین

Exit mobile version