Urdu Chronicle

Urdu Chronicle

پاکستان

پی ایس او نے اسکردو ایئرپورٹ پر ری فیولنگ سہولت کا آغاز کردیا

Published

on

پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) نے پاکستان میں سیاحت کو فروغ دینے کے عزم کے ساتھ اسکردو میں طیاروں کی ری فیولنگ سہولت کا آغاز کردیا ہے، قومی توانائی کمپنی نے گلگت بلتستان میں اسکردو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر طیاروں کی ری فیولنگ کی نئی سہولت کاافتتاح کردیا ہے،پی ایس او اس علاقہ میں اس نوعیت کی خدمات فراہم کرنے والی پاکستان میں پہلی آئل مارکیٹنگ کمپنی بن گئی ہے۔

اس حوالے سے منعقدہ تقریب میں سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل خاقان مرتضیٰ،  پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر، ائیر وائس مارشل محمد عامر حیات اور  پی ایس اوکے مینجنگ ڈائریکٹر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر سید طہٰ نے شرکت کی۔

اسکردو ایئرپورٹ شمالی پاکستان میں ایک انٹرنیشنل گیٹ وے ہے جہاں بڑے طیاروں کو آپریٹ کیاجاسکتا ہے۔ اس ایئرپورٹ پر پہلی عالمی پرواز 14اگست 2023 کو اترے گی۔

اسکردو دنیا میں خاص طور پر کوہ پیماؤں اور ٹریکرز کیلئے پسندیدہ سیاحتی مقام ہے جو دنیا بھر سے گلگت بلتسان کے قراقرم رینج میں دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کے ٹو  کو دیکھنے کیلئے آتے ہیں، اس کے علاوہ یہ مقام اس پورے خطے کے لئے نقل و حمل اور تجارتی حب ہے۔

پی ایس او پاکستان کی پہلی آئل مارکیٹنگ کمپنی ہے جو عرب کے ساحلوں سے لے کر سوست کے دور دراز علاقوں تک فیول فراہم کرتی ہے جو ایک مثال ہے کیونکہ دیگر کمپنیاں ان علاقوں میں سپلائی چین کا انتظام کرنے سے قاصر ہیں۔

چیلنجز کے باوجود پی ایس او قومی مفاد میں لگن اور عزم کے ساتھ ثابت قدمی سے قوم کی خدمت کررہی ہے۔ جیٹ فیول میں 98فیصد کے مارکیٹ شیئر کے ساتھ پی ایس او کا کوئی ثانی نہیں ہے۔

کمپنی کے آپریشنز ملک میں 13بڑے ایئر پورٹس پر پھیلے ہوئے ہیں۔ کمپنی مستحکم عزم کے ساتھ سکردو تک ملکی اور بین الاقوامی  ایئر لائنز کی توسیع میں مدد کرنے کی خواہاں ہے۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل خاقان مرتضیٰ نے کہا کہ ملک کے ایوی ایشن انفراسٹرکچر کی ترقی کیلئے دو قومی کمپنیوں کے درمیان اتحاد ایک نمایاں کامیابی ہے۔ اس سہولت سے نہ صرف ایئرپورٹ کی آپریشنل کارکردگی بڑھے گی بلکہ ایئرلائنز کیلئے سہل تجربے بھی میسر آئیں گے۔ ہم پی ایس او کی جانب سے ایوی ایشن انڈسٹری کے لیے بے مثال مصنوعات اور خدمات کی فراہمی کے لیے ہم  ان کی مسلسل حمایت اور عزم پر شکر گزار ہیں۔

پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر،ائیر وائس مارشل محمد عامر حیات نے کہا کہ ملکی اور بین الاقوامی نقل و حمل کا آغاز گلگت بلتستان کی معاشی ترقی کے لئے گیم چینجر ثابت ہوگا۔ پی ایس او اور سی اے اے کی اس سہولت کی وجہ سے پی آئی اے نے سکردو کے منفرد مقام تک پہلی انٹرنیشنل فلائٹ آپریٹ کرنے کا  اعزاز حاصل کیا۔

پی ایس او کے ایم ڈی اور سی ای او  سید طحہ نے کہا کہ ایئر کرافٹ ری فیولنگ میں چار دہائیوں سے زیادہ کی مہارت پر فخر کرتے ہوئے پی ایس او  قومی ایوی ایشن کی صنعت کی مسلسل ترقی کیلئے کوشاں ہے۔ ہم سکردو ایئرپورٹ پر نئی سہولت کے افتتاح کے موقع پر انتہائی خوش ہیں کیونکہ یہ قوم کی توانائی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کے ہمارے عزم کا عکاس ہے ۔ ہمیں فخر ہے کہ ہم اسکردو کو ایک متحرک سیاحتی مقام بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کرنے جارہے ہیں۔ پاکستان کے سیاحتی شعبے کو روشن مستقبل دینے کا ہمارا عزم غیر متزلزل ہے۔ اس موقع پر ہم اس ناقابل یقین سفر کے دوران سی اے اے کی مسلسل حمایت کے لیے شکر گزار ہیں۔

ساجد خان کراچی کے ابھرتے ہوئے نوجوان صحافی ہیں،جو اردو کرانیکل کے لیے ایوی ایشن،اینٹی نارکوٹکس،کوسٹ گارڈز،میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی،محکمہ موسمیات،شہری اداروں، ایف آئی اے،پاسپورٹ اینڈ امگریشن،سندھ وائلڈ لائف،ماہی گیر تنظیموں،شوبز اور فنون لطیفہ کی سرگرمیاں کور کرتے ہیں۔

Continue Reading
Click to comment

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین