ٹاپ سٹوریز
پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی الیکشن کالعدم، بلے کا انتخابی نشان چھن گیا
الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے پاکستان تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی الیکشن کالعدم قرار دیتے ہوئے پی ٹی آئی سے بلے کا انتخابی نشان واپس لے لیا۔
پی ٹی آئی سے بلے کا انتخابی نشان واپس لے لیا گیا، چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ نے فیصلہ سنا دیا۔
الیکشن کمیشن کے فیصلے کے مطابق پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات کرانے میں ناکام رہی، پی ٹی آئی کو بلے کا نشان نہیں ملے گا
اکبر ایس بابر نے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کی تھی کہ پی ٹی آئی کے الیکشن اس کے آئین کے مطابق نہیں ہوئے، جس کے بعد یہ کیس الیکشن کمیشن میں چلا۔
پشاور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو فیصلے سے روکا لیکن پھر آج فیصلے کی ہدایت کی۔
اس سے قبل پی ٹی آئی کا وفد لیول پلیئنگ فیلڈ کے مطالبات لے کر الیکشن کمیشن دفتر پہنچا، جہاں الیکشن کمیشن نے وفد کو یقین دہانی کروائی۔
الیکشن کمیشن حکام سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں پی ٹی آئی وفد نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر اور کمیشن کے ارکان نے ان کے تحفظات نوٹ کیے اور یقین دلایا کہ جن ریٹرننگ افسروں اور پولیس افسروں نے پی ٹی آئی کے لیے مسائل پیدا کرنے کی کوشش کی ہے، انہیں جلد تبدیل کردیا جائے گا۔
پی ٹی آئی وفد کے ارکان نے امید ظاہر کی کہ صاف شفاف الیکشن کے لیے الیکشن کمیشن پاکستان اپنا کردار ادا کرے گا۔